• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
سیکھنے کی صلاحیت آپ کی کیا ٹائپ ہے؟

انسان پوری زندگی سیکھتا ہے۔ سیکھنے کے اس عمل میں معلومات کا حصول اور حاصل شدہ معلومات کوسمجھنے کو کلیدی اہمیت حاصل ہوتی ہے۔اس کے بعد حتمی مرحلہ یہ ہوتا ہے کہ ہم اس حاصل شدہ معلومات کو بنیادی بناتے ہوئے مسئلے کیسے حل کرتے ہیں۔ انسان تین طریقوں سے سیکھتا ہے:

(1 سُننا، (2 دیکھنا، اور 3) چُھونا۔

ہر انسان سیکھنے کے لیے ان ہی تین طریقوں کو استعمال کرتا ہے۔تاہم ہر شخص کے سیکھنے کا انداز دوسرے سے مختلف ہوسکتا ہے۔ کچھ لوگ سُن کر زیادہ سیکھتے ہیں، کچھ دیکھ کر اور کچھ چُھوکر۔

سُن کر سیکھنے والے افراد

اس طرح کے افراد سُنی ہوئی باتوں کو دوسروں کے مقابلے میں زیادہ اچھی طرح سمجھ جاتے ہیں اور یاد رکھتے ہیں۔ دوسروں کی بات چیت یا آواز کے ذریعے جو معلومات ملتی ہیں، وہ آپ کے ذہن میں محفوظ ہوجاتی ہیں اور ’لکھی‘ ہوئی ہدایات کے مقابلے میں آپ ہدایات کو ’ سُن‘ کر زیادہ بہتر سمجھ اور ذہن میں بٹھا لیتے ہیں۔ لکھی ہوئی چیزوں کو آپ اکثر بلند آواز سے پڑھتے ہیں کیونکہ آپ کے لیے ضروری ہے کہ انہیں سمجھنے کے لیے آپ انہیں آواز کی شکل میں سُنیں۔ سُن کر سیکھنے والے جب بیزار ہوتے ہیں تو عام طور پر گُنگناتے ہیں یا اپنے آپ سے یا دوسروں سے باتیں کرنے لگتے ہیں۔ دوسرے لوگ آپ کے بارے میں شاید یہ سمجھیں کہ آپ ان کی بات پر توجہ نہیں دے رہے لیکن آپ ان کی ہر بات سُن بھی رہے ہوتے ہیں اور اُسے سمجھتے بھی ہیں۔ سُن کر سیکھنے والے افراد کافی تعداد میں پائے جاتے ہیں۔

صلاحیت کیسے بڑھائیں؟

مندرجہ ذیل باتوں کے ذریعے آپ اپنی ’ سُن کر سیکھنے‘ کی صلاحیت میں اضافہ کرسکتے ہیں:

ایسی جگہ بیٹھیں جہاں آواز صاف سُنائی دے۔

اپنی سماعت (کانوں کی سُننے کی صلاحیت) کی جانچ کرتے رہیں اور جب ضرورت ہو تو کسی ماہر سے جانچ کرائیں۔نئے الفاظ سیکھنے کے لیے فلیش کارڈز استعمال کریں، ان پر لکھے لفظ بلند آواز سے پڑھیں اور دُہرائیں۔ کہانیاں، اخبار، اسکول/کالج کا کام یا ہدایات بلند آواز سے پڑھیں۔نئے الفاظ کے ہجّے ریکارڈ کرلیں اور پھر اس ریکارڈنگ کوسُنیں۔ امتحان یا ٹیسٹ کے سوالات کو تھوڑی بلند آواز سے پڑھیں۔ نئے سبق یا کسی بھی نئی عبارت کو بلند آواز سے پڑھیں۔

دیکھ کر سیکھنے والے افراد

اس طرح کے افراد پڑھ کر یا تصویریں دیکھ کر زیادہ اچھی طرح سیکھتے ہیں۔ آپ جو کچھ سیکھ رہے ہوتے ہیں، اس کی تصویر کے ذہن میں نقش ہوجاتی ہے۔

آپ چیزوں کو یاد رکھنے کے لیے آنکھیں بند کر کے ذہن میں ان کی تصویر بناتے ہیں۔ اگر آپ بیزار ہورہے ہوں تو خود کو کسی چیز کو دیکھنے میں مشغول کرلیتے ہیں۔ بولی گئی ہدایات سمجھنے میںآپ کو مشکل ہوسکتی ہے اور آوازیں آسانی سے آپ کی توجہ بھٹکا سکتی ہیں۔ رنگ اور تصویری کہانیاں آپ کو پسند آتی ہیں۔

صلاحیت کیسے بڑھائیں؟

اپنی ’دیکھ کر سیکھنے‘ کی صلاحیت بڑھانے کے لیے ان مشوروں پر عمل کریں:

کوشش کریں کہ کلاس میں سب سے آگے یا اگلی صفوں میں بیٹھیں۔ نئے الفاظ سیکھنے کے لیے فلیش کارڈز استعمال کریں۔ ان چیزوں کو اپنے تخیل میں دیکھنے کی کوشش کریں، جن کی آواز سُنائی دے (مثلاً بہتے پانی کی آواز) یا جن کے بارے میں آپ پڑھ رہے ہوں۔ سبق یا مضمون کے اہم الفاظ، خیال یا ہدایات کو لکھ لیں۔ کسی نئے تصور کو سمجھنے کے لیے اس کی تصویر یا خاکہ بنائیں اور پھر اس کی وضاحت کریں۔ سبق یاد کرتے وقت یا مطالعے کے دوران اپنی توجہ بھٹکنے نہ دیں۔

چُھوکرسیکھنے والے افراد

اگر آپ کا تعلق اس طرح کے لوگوں سے ہے تو آپ چیزوں کو ان کے لَمس سے یا خود کام کر کے زیادہ بہتر سیکھتے ہیں۔ چیزوں اور اشیاءکی جسمانی حرکت آپ کو یاد رہتی ہے اور آپ اُنہیں سمجھ لیتے ہیں۔ آپ اپنے ہاتھوں سے چیزوں کو چُھوکر، انہیں اُٹھا کر، حرکت دے کر، بنا کر یا جو سیکھا ہے، اُس کا خاکہ یا تصویر بنا کر زیادہ بہتر طور پر سمجھتے ہیں۔ ایسے کاموں کو آپ آسانی سے اور جلد سیکھ لیتے ہیں جن میں کوئی سرگرمی شامل ہو۔

آپ کو جسمانی طور پر فعال اور سرگرم رہنے کی ضرورت پڑتی ہے۔ اس کے ساتھ آپ کو وقفے بھی چاہیے ہوتے ہیں۔ بولتے وقت آپ اپنے ہاتھوں اور ہاتھوں کے اشاروں سے کام لیتے ہیں اور دیر تک کسی جگہ بیٹھے رہنا آپ کے لیے مشکل ہوتا ہے۔

’چُھوکر سیکھنے والے‘ چیزوں (مثلاً کھلونوں) کو کھول کر پُرزے پُرزے کردیتے ہیں اور پھر انہیں جوڑنے کی کوشش کرتے ہیں۔ جب آپ بیزارہوجاتے ہیں تو اِدھر اُدھر گھومنا شروع کردیتے ہیں۔ آپ میں مضبوط جسم کی خوبیاں ہوسکتی ہیں اور آپ کام کو مربوط طریقے سے کرسکتے ہیں۔

اپنے ہاتھ سے آپ جو کام کرتے ہیں وہ اچھی طرح یاد رہتا ہے لیکن سُنی ہوئی باتوں (سبق/ہدایات) یا دیکھی ہوئی چیزوں (سبق کی عبارت/اشیاء) کو یاد رکھنے میں مشکل ہوتی ہے۔ آپ اکثر چُھو کر اپنی بات دوسروں تک پہنچاتے ہیں اور دوسرے چُھوکر، مثلاً پشت پر تھپتھپا کر آپ کو شاباش دیں تو آپ کو زیادہ خوشی ہوتی ہے۔

صلاحیت کیسے بڑھائیں؟

پڑھتے یا مطالعہ کرتے وقت چہل قدمی کرنے، کرسی پر آگے پیچھے جھولنے، چیونگم چبانے میں کوئی ہرج نہیں ہے۔ الفاظ کے ہجے یاد کرنے کے لیے ان کے حروف پر اُنگلی پھیریں۔سیکھنے کے دوران پینسل سے میز بجانے، پاؤں ہلانے یا ہاتھ میں کوئی چیز گھمانے میں کوئی حرج نہیں ہے۔سیکھے ہوئے سبق یا عبارت کو اچھی طرح یاد رکھنے کے لیے کمپیوٹر استعمال کریں(سبق، مضمون، عبارت کی اہم باتیں کمپیوٹر پر ٹائپ کریں)۔

کیا آپ کو معلوم ہے کہ آپ کی سیکھنے کی ٹائپ کیا ہے؟ اور اگر ابھی تک آپ کو یہ بات معلوم نہ تھی تو اب آپ اندازہ لگانے کی کوشش کریں، کیوں کہ اس طرح آپ اپنی ذہانت اور صلاحیتوں کا بہتر استعمال کرسکتے ہیں۔

تازہ ترین