• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انصاف اچھے برے میں تمیز کرے، عدلیہ، نیب، جرنیل کرپشن کا گلا دبائیں، لیکن اچھے کام کی تعریف بھی کریں، شہبا زشریف، 1180 میگاواٹ کا بھکی پاور پلانٹ مکمل فعال

انصاف اچھے برے میں تمیز کرے، عدلیہ، نیب، جرنیل کرپشن کا گلا دبائیں، لیکن اچھے کام کی تعریف بھی کریں، شہبا زشریف، 1180 میگاواٹ کا بھکی پاور پلانٹ مکمل فعال

لاہور، شیخوپورہ (نمائندہ گان جنگ) صدر مسلم لیگ ن اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ انصاف کی فراہمی میں اچھے برے کی تمیز کی جائے، عدلیہ، نیب، جرنیل کرپشن کا گلا دبائیں لیکن اچھے کام کی تعریف بھی کریں، اچھا کام کرنے والوں کی تعریف نہ ہونے پر بددلی پھیلے گی، سیاسی مخالفین کو عوام مسترد کردینگے۔ گزشتہ روز پارٹی اجلاس کی صدارت ، 1180 میگاواٹ کے بھکی پاور پلانٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب اور وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق سے دوران ملاقات گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ سب کا بلا امتیاز احتساب ہونا چاہیے لیکن جن لوگوں اور افسروں نے اچھا کام کیا ہے انہیں شاباشی ملنی چاہیے کیوں کہ اچھا کام کرنیوالوں کی تعریف نہیں ہوگی تو بددلی پھیلے گی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان صرف بے بنیاد الزامات لگانے اور جھوٹ کی سیاست کرنے کے ماہر ہیں، ہمارے پانچ برس پاکستان کے تمام سابقہ ادوار کے مقابلے میں شفافیت، دیانت، امانت اور رفتار سے عبارت ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ نیب اور عدلیہ سے گزارش ہے کہ جہاں کرپشن ہوئی وہاں ضرور ایکشن لیں لیکن اگر اچھا کام کرنے والوں کو شاباش نہیں دی جائے گی تو گھوڑے گدھے میں تمیز ختم ہو جائےگی۔ انہوں نے کہا کہ بھکی پاور پلانٹ سے 1180 میگاوٹ بجلی حاصل ہو گی اور پاور پلانٹ 8 روپے فی یونٹ بجلی مہیا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھکی، بلوکی، حویلی بہادر شاہ کے پلانٹس میں جدید ترین مشینری لگائی گئی ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ 20 سال سے نیلم جہلم منصوبہ رینگ رہا تھا لیکن اب اس کے فیز بھی مکمل ہو چکے ہیں۔ بھکی پاور پلانٹ کے منصوبے میں 39 ارب روپے کی بچت کی گئی ہے اور منصوبہ ریکارڈ مدت میں مکمل ہوا، پاور پلانٹ کی ای پی سی لاگت 466 ڈالر فی کلو واٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے میں بیوروکریٹس، کنٹریکٹرز، انجینئرز اور جن لوگوں نے بھی کام کیا مجھے اور پاکستانی قوم کو ان پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانچ سالوں میں نیازی صاحب نے صرف 80 میگاواٹ کا ایک منصوبہ لگایا ہے- کے پی میں 74 میگا واٹ کا منصوبہ پچھلی حکومت نے لگایا تھا جو 2016 ء میں خراب ہوا اور آج تک بند ہے- اس حساب سے تو کے پی کے حکومت نے مائنس 6 میگا واٹ بجلی پیدا کی ہے - جھوٹ بولنے اور جھوٹے دعوے کرنے والا قوم کی قیادت کرنے کی اہلیت نہیں رکھتا ۔خواجہ سعد رفیق سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئےشہباز شریف نے کہا کہ سیاسی مخالفین کو عوام انتخابات میں رد کردیں گے، سیاسی مخالفین کی پرواہ کئے بغیر عوام کی دن رات خدمت کی۔ سیاسی مخالفین کی پرواہ کئے بغیر عوام کی دن رات خدمت کی، آج پاکستان ماضی کے مقابلے میں روشن، ترقی یافتہ اور خوشحال ہے۔

تازہ ترین