کراچی (نیوز ڈیسک) سابق قومی اولمپئنز اور انٹرنیشنل کھلاڑیوں نے پاکستان کی ساؤتھ ایشین گیمز ہاکی ایونٹ میں بھارت کو اس کی سرزمین پرہرا کر طلائی تمغہ جیتنے پرمبارکباد ہے۔ سابق قومی کپتان اولمپئن سمیع اللہ خان کاکہنا ہے کہ وہ ٹیم کی کامیابی پر خوشی سے سرشار ہیں لیکن ہمیں مستقبل میں ایشین گیمز،چیمپئنز ٹرافی،اولمپکس اور عالمی کپ میگا ایونٹس کیلئے منصوبہ بندی کرنا ہوگی،اس حوالے سے پاکستان ہاکی فیڈریشن پر بھاری ذمہ دار ی عائد ہوتی ہے۔سابق کپتان اولمپئن شاہد علی خان نے کہا کہ ساؤتھ ایشین گیمز ہاکی میں بھارت کو شکست دیکر پاکستان نے قوم کو تحفہ دیا ہے۔ہاکی میں کافی دن بعد اچھی خبر سننے کو ملی ہے۔ امید ہے کہ پاکستان مستقبل میں مزیدفتوحات سے ہمکنار ہوگا۔ سابق انٹرنیشنل کھلاڑی اور کسٹمز ہاکی ٹیم کے کوچ محمد علی خان نے فتح کو خوش آئندہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کامیابی ملک میں قومی کھیل کے نئے دور کا پیش خیمہ ثابت ہوسکتی ہے۔ نوجوان پلیئرز نے شاندار کارکردگی پیش کرکے تابناک مستقبل کی نوید سنادی ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ ان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں میں مزید نکھار پیدا کرنے کیلیے ان پر بھرپور توجہ دی جائے اور انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔