لاہور (خصوصی رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف اینٹی کرپشن کمیٹی کے چیئرمین شفقت محمود نے چیف جسٹس پاکستان اور چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سے مطالبہ کیا ہے کہ ایل ڈی اے پلازہ میں لگنے والی آگ کی تحقیقات کروائیں۔ انہوں نے کہا کہ ایل ڈی اے پلازہ میں قیمتی ریکارڈ ضائع ہوا، جوہر ٹاؤن میں جو پلاٹ بانٹے گئے، ان میں بیواؤں کے پلاٹ بھی شامل تھے، جو لوگ بھی اس واقعے میں ملوث ہیں، انہیں کیفرکردار تک پہنچایا جائے، 23 سال شریف فیملی کو حکومت کرتے ہو گئے، انہوں نے سرکاری وسائل سے سیاست کی، جوہر ٹاؤن میں بیواؤں، مسجدوں، کھیلوں کے گراؤنڈز کو بے دردی سے تقسیم کیا گیا اور یہ پلاٹ چھ چھ دفعہ فروخت کئے گئے۔ ان خیالات کا اظہار شفقت محمود نے بریگیڈیر (ر) اسلم گھمن، ساجد وڑائچ اور دیگر کے ہمراہ چیئرمین سیکرٹریٹ گارڈن ٹاؤن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایل ڈی اے پلازہ میں لگنے والی آگ میں 27 جانوں کا ضیاع ہوا، واقعہ کے 2 ماہ بعد دوبارہ آگ لگائی گئی جس میں جوہر ٹاؤن میں موجود پلاٹوں کا ریکارڈ ضائع کیا گیا، یہ آگ 9 مئی 2013 ء کو جنرل الیکشن سے 2 دن پہلے لگی جس میں ریکارڈر جلایا گیا مگر اس واقعہ کی کوئی تحقیقات نہیں ہوئیں۔