• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رہائشی علاقوں میں واقع میڈیا ہاوسز کے لائسنس کینسل ہو سکتے ہیں ،جسٹس صدیقی

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) غیر قانونی بس اڈوں اور تجاوزات کے خلاف درخواستوں کی سماعت کے دوران اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے ریمارکس دیئے کہ مرئی قوتیں ہوں یا غیر مرئی سب کے خلاف ایکشن ہو گا،40 کنال کے اسلام آباد کے جی سیون پر قبضہ کیا ہوا ہے ، ملک کا حساس ادارہ قانون پر عمل نہ کرے تو عام آدمی کیسے کرے گا ،میڈیا ہاوسز پر بھی ملکی قانون پر عمل درآمد ضروری ہے۔ فاضل جسٹس نے مجسٹریٹ علی جاوید کو تجاوزات کے خلاف آپریشنز میں سی ڈی اے کے ساتھ معاونت کرنے کا حکم دیتے ہوئے ایف آئی اے کے ہیڈکوارٹرزکے سامنے سروس روڈ خالی کرانے کے لئے ڈی جی ایف آئی اے کو آئندہ سماعت پر طلب کر لیا ہے۔ عدالت نے سی ڈی اے کو حساس ادار ے کے ہیڈ کوارٹر کے سامنے سروس روڈ بھی خالی کرانے کا حکم دیا ہے۔ مزید سماعت جون کے تیسرے ہفتے میں ہو گی۔ گزشتہ روز غیر قانونی بس اڈوں اور تجاوزات کے خلاف درخواست کی سماعت کے موقع پر ڈپٹی کمشنر اسلام سمیت سی ڈی اے افسران عدالت میں پیش ہوئے۔ جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے استفسار کیا کہ رہائشی علاقوں میں قائم میڈیا ہائوسز کےخلاف کیا کارروائی ہوئی؟ عدالت نے ریمارکس دئیے کہ ہرروز قانون کا بھاشن دینے والے میڈیا والوں سے بھی قانون پر عمل درآمد کرائیں ، رہائشی ایریا کے کمرشل استعمال پر میڈیا ہاوسز کے لائسنس کینسل ہو سکتے ہیں ، میڈیا ہاوسز پر بھی ملکی قانون پر عمل درآمد ضروری ہے۔ اس موقع پر سی ڈی اے کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ 20 میں 5 میڈیا ہاوسز نے رہائشی ایریا کو خالی کردیا ہے ، 15 میڈیا ہاوسز کو نوٹس جاری کردیئے گئے ہیں۔ اس پر عدالت نے حکم دیا کہ اخبار میں میڈیا ہاوسز سے رہاشی ایریا خالی کرانے کا اشتہار دیں۔ فاضل جسٹس نے مجسٹریٹ علی جاوید کو تجاوزات کے خلاف آپریشنز میں سی ڈی اے کے ساتھ معاونت کرنے کا بھی حکم دیا۔ عدالت نے ایف آئی اے ہیڈکوارٹرزکے سامنے سروس روڈ خالی کرانے کے لئے ڈی جی ایف آئی اے کو طلب کرتے ہوئے سماعت جون کے تیسرے ہفتے تک ملتوی کر دی۔ عدالت نے سی ڈی اے کو حساس ادار ے کے ہیڈ کوارٹر کے سامنے سروس روڈ خالی کرانے کی ہدایت بھی کی ہے۔ جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے سی ڈی اے کوحساس ادار ے کے ہیڈکوارٹر کے سامنے سروس روڈ خالی کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ مرئی قوتیں ہوں یا غیر مرئی سب کے خلاف ایکشن ہو گا ، 40 کنال پر قبضہ کیا ہوا ہے ، ملک کا سب سے بڑا حساس ادارہ قانون پر عمل نہ کرے تو عام آدمی کیسے کرے گا ۔
تازہ ترین