• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف کی نااہلی کی وجہ مشرف کیخلاف مقدمہ نہیں ، تجزیہ کار

کراچی (ٹی وی رپورٹ) سینئر تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ نواز شریف منی ٹریل دینے کے بجائے طوطا مینا کی کہانی سنارہے ہیں، نواز شریف کی نااہلی کی ایک وجہ پرویز مشرف پر غداری کا مقدمہ قائم کرنا بھی ہے، نواز شریف کی نااہلی کی وجہ مشرف کیخلاف غداری کا مقدمہ قائم کرنا نہیں ہے، صرف چور کہنے پر تھپڑ مارنے پر نعیم الحق زیادہ ردعمل دے گئے ، نعیم الحق کے دانیال عزیز کو تھپڑ مارنے پر عمران خان کوئی کارروائی نہیں کریں گے، نعیم الحق کے دانیا ل عزیز کے تھپڑ مارنے کا سین ٹیلی ویژن اسکرینز پر مسلسل چلایا جارہا ہے اس کی توجیہ نہیں دی جاسکتی ، یہ شو لائیو نہیں بلکہ ریکارڈڈ تھا اس کے باوجود اسے چلایا گیا۔ ان خیالات کا اظہار مظہر عباس، حسن نثار، بابر ستار، منیب فاروق، شہزاد چوہدری، ارشاد بھٹی اور حفیظ اللہ نیازی نے جیو نیوز کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں میزبان عائشہ بخش سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ میزبان کے پہلے سوال کیا نواز شریف کی نااہلی کی اصل وجہ جنرل مشرف کیخلاف غداری کا مقدمہ قائم کرنے کا فیصلہ ہے؟ کا جواب دیتے ہوئے حسن نثار نے کہا کہ نواز شریف منی ٹریل دینے کے بجائے طوطا مینا کی کہانی سنارہے ہیں۔ بابرستار نے کہا کہ نواز شریف کی نااہلی کی ایک وجہ پرویز مشرف پر غداری کا مقدمہ قائم کرنا بھی ہے ، لوگوں نے نواز شریف کو آگاہ کیا تھا کہ مشرف پر غداری کا مقدمہ قائم کرنے کے نتائج بھگتنے ہوں گے۔ حفیظ اللہ نیازی کا کہنا تھا کہ نواز شریف کا کبھی بھی میاں شریف کے کاروبار سے تعلق نہیں رہا۔ ارشاد بھٹی نے کہا کہ نواز شریف نے وزیرخارجہ نہ رکھ کر خارجہ پالیسی کو نیا رخ دیا، یہ پرویز مشرف کوا س لئے نہیں واپس لارہے کہ اسحاق ڈار اور حسن و حسین نواز کو بھی لانا پڑے گا۔ منیب فاروق کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور ان کی فیملی تمام تر مواقع کے باوجود لندن فلیٹس کی منی ٹریل پیش نہیں کرسکی ہے،بہت سے صحافی بھی کہہ چکے ہیں کہ پرویز مشرف کیخلاف غداری کے مقدمہ کا نتیجہ لانگ مارچ یا دھرنا ہی تھا۔ مظہر عباس نے کہا کہ نواز شریف کی نااہلی کی وجہ مشرف کیخلاف غداری کا مقدمہ قائم کرنا نہیں ہے، اگر نواز شریف کو 2015ء تک نکالا جاتا تو ان کا بیانیہ مضبوط ہوتا لیکن 2016ء کے بعد جو کچھ ہوا وہ مختلف چیز ہے۔ شہزاد چوہدری کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے پاس منی ٹریل نہیں ہے۔دوسرے سوال نعیم الحق کا ”آپس کی بات“ پروگرام کے دوران دانیال عزیز کو تھپڑ، کیا عمران خان نعیم الحق کیخلاف کارروائی کریں گے؟ کا جواب دیتے ہوئے منیب فاروق نے کہا کہ نعیم الحق کے دانیال عزیز کو تھپڑ مارنے پر عمران خان کوئی کارروائی نہیں کریں گے، نعیم الحق کے میسج سے مجھے لگا کہ جو کچھ ہوا وہ انہیں بھی اچھا نہیں لگا۔ حسن نثار کا کہنا تھا کہ نعیم الحق کی صحت پچھلے کچھ عرصہ بہتر نہیں ہے ورنہ وہ بہت سولائزڈ آدمی ہیں ، اگر صرف چور کہنے پر انہوں نے دانیال عزیز کو تھپڑ مارا تو وہ ضرورت سے زیادہ ردعمل دے گئے۔بابر ستار نے کہا کہ پی ٹی آئی کے حلقوں میں عمومی تاثر یہ ہے کہ نعیم الحق نے غلط بات پر تھپڑ مار کر زبردست کام کیا ہے۔ ارشاد بھٹی کا کہنا تھا کہ نعیم الحق کا دانیال عزیز کو تھپڑ مارنا افسوسناک اور شرمناک حرکت ہے، عمران خان اس واقعہ پر کوئی ایکشن نہیں لیں گے، ہماری سیاسی جماعتوں میں اس طرح کے واقعات پر ایکشن لینے کا کلچر نہیں ہے۔ حفیظ اللہ نیازی نے کہا کہ تھپڑ لگنے کے باوجود برداشت کا مظاہرہ کرنے پر دانیال عزیز کو سیلوٹ پیش کرتا ہوں، عمران خان ایسے واقعات کو بہت انجوائے کرتے ہیں،پی ٹی آئی میں کوئی جونیئر کسی سینئر رہنما کی بے توقیری کرے تو عمران خان ہنس ہنس کر دہرے ہوجاتے ہیں۔مظہر عباس کا کہنا تھا کہ پچھلے چوبیس گھنٹے سے نعیم الحق کے دانیا ل عزیز کے تھپڑ مارنے کا سین ٹیلی ویژن اسکرینز پر چلایا جارہا ہے اس کی کوئی توجیہ نہیں دی جاسکتی ہے۔
تازہ ترین