• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر ،نیوپنڈ کو قریشی روڈ سے ملانے کا منصوبہ شروع نہیں ہوسکا

سکھر (بیورو رپورٹ) ضلعی و میونسپل کارپوریشن انتظامیہ کی جانب سے نیوپنڈ کو قریشی روڈ سے ملانے اور شاہراہ کی کشادگی کا منصوبہ ایک سال گزرنے کے باوجود بھی شروع نہیں ہوسکا، منصوبے کے آغاز سے قبل ختم کی جانیوالی تجاوزات دوبارہ قائم کرلی گئی۔ ضلعی و میونسپل کارپوریشن انتظامیہ کی جانب سے ایک سال قبل نیوپنڈ کو قریشی روڈ سے ملانے اور شاہراہ کی توسیع کے لئے علاقہ مکینوں کو نوٹسز جاری کرکے تجاوزات ختم کرنے کی ہدایت دی گئی تھی، متعدد دکانداروں نے شاہراہ کی کشادگی کیلئے دکانوں کے باہر قائم تجاوزات ختم کردی تھی اور باقی رہ جانیوالی تجاوزات کو ختم کرنے کے لئے میونسپل کارپوریشن انتظامیہ نے انسداد تجاوزات آپریشن بھی کیا تھا مگر ایک سال گزرنے کے باوجود مذکورہ منصوبے پر کسی بھی قسم کا کام شروع نہیں ہوسکا ہے جبکہ جن لوگوں نے تجاوزات ختم کرکے شاہراہ کو کشادہ کیا تھا اس میں سے متعدد لوگوں نے دوبارہ سے تجاوزات قائم کرلی ہے، تجاوزات قائم ہونے کے باعث شاہراہ ایک بار پھر سکڑ کر رہ گئی ہے جس کے باعث ٹریفک کی آمد و رفت بری طرح متاثر ہورہی ہے۔ نیوپنڈ شہر کا گنجان آبادی والا علاقہ ہے، جہاں کی آبادی ایک لاکھ سے زائد افراد پر مشتمل ہے مگر میونسپل کارپوریشن انتظامیہ کی جانب سے نیوپنڈ کے مکینوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے موثر اقدامات نہیں کئے جارہے ہیں، جس شاہراہ کو کشادہ کرنے کا منصوبہ ایک سال قبل شروع کیا گیا تھا وہ شاہراہ نیوپنڈ میں داخل ہونے کے لئے استعمال ہونیوالی مرکزی شاہراہ ہے تاہم منصوبہ شروع نہ ہونے کی وجہ سے یہ شاہراہ تاحال کشادہ نہیں ہوسکی ہے۔ اس حوالے سے علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ میونسپل کارپوریشن انتظامیہ نے نیوپنڈ میں تجاوزات ختم کرنے کا ڈرامہ کرکے وہاں کے عوام کو لاکھوں روپے کا نقصان پہنچایا اور اب شاہراہ کی کشادگی اور قریشی روڈ سے ملانے کا منصوبہ بھی شروع نہیں کیا جارہا ہے، انتظامیہ کی جانب سے شاہراہ کو 26فٹ تک کشادہ کرنا تھا مگر شاہراہ کو صرف چند فٹ ہی کشادہ کیا گیا ہے جبکہ شاہراہ کی تعمیر اور کشادگی کا کام بھی روک دیا گیا ہے جس کی وجہ سے علاقہ مکین دہری مشکلات سے دوچار ہے۔
تازہ ترین