• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چمن بین الاقوامی منڈی کا موثر کردار ادا کرسکتا ہے،زاہدحسین

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) حکومت توجہ دے، اور کاروباری سرگرمیوں کی ترقی و ترویج کے لئے اقدامات کرے تو چمن پاکستان سے وسط ایشیا ممالک کے مابین بین الاقوامی منڈی کا موثر کردار ادا کرسکتا ہے، پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فور م وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ چمن پاکستان سمیت افغانستان اور ایران کے تاجروں کے لئے بھی خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔ قلیل سرمایہ کاری سے بہترین محل وقوع کا حامل شہر اور تجارتی مرکز چمن بلوچستان کی معاشی ترقی میں خاص کردار ادا کرسکتا ہے۔ چمن پاکستان سے افغانستان اور وسط ایشیائی ممالک کے درمیان اہم تجارتی مرکز بننے کیلئے ہر اعتبار سے نہایت موزوں شہر ہے۔ اگرحکومت اور ادارے توجہ دیں توپاکستان، افغانستان اور ایران کیلئے تجارتی مرکز کی حیثیت رکھنے والا یہ شہر برآمدات، زرمبادلہ اور روزگار بڑھانے کابہترین سبب بن سکتا ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ کوئٹہ سے تقریباً 200اور کراچی سے 900کلومیٹر کے فاصلہ پر یہ شہر کاروباری سرگرمیوں کے لئے دنیا بھر میں شہرت رکھتا ہے۔ روزگار اور کاروبار کی جدید سہولتیں نہ ہونے کے باوجود ہر شخص کاروباری سرگرمیوں میں مصروف نظر آتا ہے، اگر موجودہ ریلوے لائن کو وسط ایشیاء تک وسیع کردیا جائے تو نہ صرف چمن شہر معاشی ، تجارتی اور معاشرتی طور پر ترقی کرے گا بلکہ پورے صوبے اور ملک کی معاشی ترقی میں خاص کردار ادا کرے گااورپاکستان بآسانی یورپی منڈیوں تک رسائی حاصل کرسکتا ہے۔چمن شہر افغانستان سے کوئٹہ اور کراچی کے راستے پورے ملک کو خشک میوہ جات کے ساتھ ساتھ دیگر پھلوںکی ترسیل کے لئے خاص شہرت رکھتا ہے ۔میاں زاہدحسین نے کہا کہ چمن کی کاروباری کمیونٹی کو درپیش مسائل کو چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی سفارشارت کی روشنی میں حل کئے جائیں۔
تازہ ترین