• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
جادوئی تاثیر رکھنے والا ’’ایلو ویرا‘‘

’’گرمیوں میں پودینہ اور ایلوویرا کے ساتھ لیمن ایڈ میرے پسندیدہ مشروبات میں سے ایک ہے۔یہ ایک ایسا مشروب ہے جو جلد کو تروتازہ رکھنے کے ساتھ ساتھ آپ کی باڈی کو گرمی کے اثرات سے بھی دور رکھتاہے،، بالی ووڈ اداکارہ جیکولین فرنینڈنس

کچھ چیزیں ایسی ہوتی ہیں جو سستی ہونے کے ساتھ ساتھ آسانی کے ساتھ دستیاب بھی ہوتی ہیں لیکن ہم انھیں ان کی سستی قیمتوں ،جلد اور آسان دستیابی کے باعث نظر انداز کردیتے ہیں تاہم اس کے باوجود ان کے ان گنت فوائد سے منہ موڑا نہیں جاسکتا ۔۔۔خوبصورت دکھنا اور منفرد نظر آنا یہ ایک ایسی فطری خواہش ہے جس کی تکمیل کے لیے دنیا بھر میں ہزاروں بیوٹی پراڈکٹس اور کلر فیئرنیس بنانے والی کمپنیز کام کررہی ہیں، خواتین اپنے بجٹ کے ہزاروں روپے ان پر بنا شش وپنج کیے خرچ کردیتی ہیں لیکن کیا آپ ایک ایسے پودے کے فوائد سے لاعلم ہیں جو سستا ہونے کے ساتھ ساتھ ہر جگہ بآسانی دستیاب ہے ،جس کے ذریعے نہ صرف آپ اپنے چہرے کی جلد کو تروتازہ اور سرسبز وشاداب رکھ سکتے ہیں بلکہ آپ اپنے بالوں کی حفاظت بھی بآسانی کرسکتے ہیں تو آئیے ،ڈالتے ہیں ایلو ویرا کے ان فوائد پر ایک نظر، جن سے آپ آج تک لاعلم ہیں۔۔۔

ایلوویرا کے فوائد

روشن ،چمکدار اور نرم وملائم جلد

اگر آپ چاہتی ہیں کہ سخت گرمی میںبھی آپ کی جلد روشن، چمک دار اور نرم و ملائم رہےتو بادام کا تیل، زیتون کا تیل، دودھ کی بالائی اور ایلو ویرا جیل ہم وزن لے کر ملا کر رات کو چہرے پر لگائیں اور صبح منہ دھولیں۔اس پیسٹ کے ذریعے آپ کو اپنے چہرے پر واضح فرق محسوس ہوگا اور آپ کی جلد سےخشکی اورجھریوں کا خاتمہ ممکن ہوسکے گا۔

جھلسی ہوئی جلد نکھارنے کے لیے

اتنی سخت دھوپ میں باہر نکلنے سے سورج کی تیز اور مضر شعاعیں خواتین کی جلد کو جھلسا کر رکھ دیتی ہیں۔ایسی صورت میں ایلوویرا کا رس سن بلاک کا کام کرتا ہے اور چہرے کا نکھار واپس لوٹانے میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے۔

بطور میک اپ ریموور

ایلو ویرا کے جیل کو بطور میک اپ ریموور بھی استعمال کیاجاتا ہے ۔میک اپ ریموو کرنے کے لئے ایلوویرا کا خالص جیل روئی یا ٹشو کی مدد سے چہرے پر لگائیں اور میک اپ ہٹائیں یہ ٹوٹکہ آپ کی جلد کو جواں رکھنے میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔

سلکی اور خوبصورت بالوں کا حصول

ہر عورت کی خواہش ہوتی ہے کہاس کے بال لمبے گھنے ہونے کے ساتھ ساتھ سلکی اور خوبصورت بھی ہوں -اگر آپ کے بال روکھے، سخت، کمزور اور دو مونہے ہونے کے ساتھ خشکی کا شکار ہیں تو پھر اس مسئلے کا حل ایلوویرا کااستعمال ہے، ایلوویرا کا جیل آپ کے بالوں کو نرم و ملائم بنانے کے ساتھ ٹوٹنے سے بچائے گا۔

رنگ گورا کرے

جی ہاں !ایلوویرا کے ذریعے رنگ گورا بھی کیا جاسکتا ہے اگر آپ چاہتی ہیں کہ آپ کی رنگت نکھرے تو ایلوویرا کا جیل ہفتے میں دو بار روغن بادام اور روغن زیتون کے ساتھ ملاکر لگائیں اور دو گھنٹے بعد منہ دھولیں ،کچھ عرصے کایہ عمل آپ کی جلد نکھارنے کے ساتھ ساتھ اسے صاف شفاف بنانے میں مؤثر ثابت ہوگا۔

چہرے کے پورزبند کرنے کے لیے

ایلوویرا کا استعمال چہرے کے پورز کو بند کرنے کے لیے بھی بہترین سمجھا جاتا ہے، اگر آپ کے پورز بھی کھل گئے ہیں توانہیں بند کرنے کے لیے ایک چمچ ایلویرا جیل اور لیموں کا رس چند قطرے ملا کر لگائیں۔

ہاتھوں کے لیے بہترین موئسچرائزر

آپ کسی خاتون سے پوچھیں کہ ہاتھوں کو کیسے نرم وملائم بنایاجائے تو 60سے 70 فیصد خواتین آپ کو ایلوویرا کا مشورہ دیں گی ۔ ایلوویرا اپنی موئسچرائزنگ خصوصیات کی وجہ سے مشہور ہے ۔ یہ ہاتھوں کی پھٹی جلد اور خشکی ختم کرنے میں انتہائی مدد گار ہے ۔ ایلوویرا جلد پر ایک حفاظتی جھلی بنادیتا ہے جو جلد کو دھول ’ مٹی‘ گردوغبار اوردیگر موسمی اثرات سے محفوظ رکھتی ہے ۔ہاتھوں کی خوبصورتی کے لیے تازہ ایلوویرا کا جیل لیکر اپنے ہاتھوں پر لگائیں اور دس منٹ تک لگارہنے دیں ‘ دس منٹ بعد نیم گرم پانی سے دھولیں یہ عمل روزانہ دہرائیں فائدہ ہوگا ۔

کیل مہاسوں سے نجات

جن خواتین کو کیل مہاسوں کی شکایت ہووہ روزانہ چند ہفتوں تک اس کاگودا نکال کر لگائیں تو کچھ ہی عرصے میں کیل مہاسے ختم ہوجاتے ہیں ، چہرہ خوبصورت اور جلد صاف شفاف ہوجاتی ہے ۔

مغربی خواتین اپنے چہرے کی تازگی ‘ بالوں کی چمک اورناخنوں کی مضبوطی کیلئے مختلف قسم کے آرائشی سامان اور کریموں کے استعمال کے ساتھ ساتھ اس کی ٹیبلٹس بھی لیتی ہیں ۔ جڑی بوٹیوں سے تیار کردہ ان اشیا کی مانگ تیزی سے بڑھ رہی ہے ۔

بالی ووڈ کوئین جیکولین فرنینڈنس 

بالیووڈ کی خوبرو اداکارہ جیکولین فرنینڈنس بھی گرمی میں تروتازہ رہنے کے لیے خواتین کو ایلوویرا کے استعمال کا مشورہ دیتی ہیں ،ان کا کہنا ہے کہ گرمیوں کے دوران لیمن ایڈ کا استعمال میرا پسندیدہ مشروب ہے اور اب پودینہ اور ایلوویرا کے ساتھ لیمن ایڈ بھی میرے پسندیدہ مشروبات میں سے ایک ہے ۔یہ ایک ایسا مشروب ہے جو جلد کو تروتازہ رکھنے کے ساتھ ساتھ آپ کی باڈی کو گرمی کے اثرات سے بھی دور رکھتاہے۔ 

تازہ ترین