پڑھنے، پڑھانے کے باب میں شاید سب سے زیادہ اہم اور ضروری چیز زبان ہی ہے اور اِس کے باجود ضروری اور اہم ہے کہ زبان کسی بھی علم کو حاصل کرنے یا معلوم شے کو ظاہر کرنے کا محض ایک ذریعہ ہے۔عموما ہوتا یہی ہے کہ زیادہ ترلوگ مادری زبان کے علاوہ دیگرزبانیں عمر کے درمیانی یا آخری حصے میں سیکھتے ہیں۔ ان کی ضروریات مختلف اور جدا ہوتی ہیں، کچھ لو گ اپنے مطالعے کو وسیع کرنا چاہتے ہیں اور کچھ اپنے کاروبار کو مزید پھیلانا چاہتے ہیں یا پھر بعض دوسرے لوگ کوئی جاب پانے کے لیے زبانیں سیکھتے ہیں۔وجہ خواہ کوئی بھی ہو ایک سے زائد زبانیں سیکھنا تقریبا کامیاب یا کامیابی کی چاہت رکھنے والے ہرانسان کی پہلی ترجیح رہا ہے۔
جب زبانیں اتنی ہی ضروری اور اہم ہیں تو زبانیں سکھانے کا عمل پرائمری کلاسز سے ہی شروع کردینا چاہئے اور اس قدر باقاعدگی اور اہتمام کے ساتھ کرنا چاہئے کہ اسکول کے طلبہ انٹر تک اور مدارس کے طلبہ عالمیت تک تین سے پانچ زبانیں بحسن وخوبی سیکھ لیں۔
سائنٹفک تحقیقی رپورٹ سے معلوم ہوا ہے کہ لوگ جتنی زیادہ زبانیں سیکھنے کی کوشش کرتے ہیں اس سے دماغی سرکٹ کا نئی معلومات کو کوڈ کرنے والا حصہ اتنا ہی تیزی سے متحرک ہوتا ہے۔ماہرین کا خیال ہے کہ انسانی زبان سیکھنے کے عمل کو سمجھنے سے فالج اور حادثات کے بعد لوگوں کو دوبارہ بولنے کے قابل بنانے میں بہت مدد مل سکتی ہے۔ اس کے علاوہ ماہرین پیچیدہ دماغی سرکٹ کو سمجھنے کی بھی کوشش کررہے ہیں۔ یہ تحقیق اس عمل کو سمجھنے میں بھی معاون ثابت ہوسکتی ہے۔سائنسدانوں کے مطابق نئی زبان سیکھنے کے بہت سے ذہنی اور دماغی فوائد ہوتے ہیں۔ اس سے ڈیٹا پروسیسنگ اور معلومات کو جذب کرنے میں بہت مدد مل سکتی ہے۔اب چونکہ چھٹیاں ہو چکی ہیں تو یہی موقع ہے کہ آپ اس سے فائدہ اٹھائیں اور بچوں کو کچھ زبانیں سکھائیں۔
چائنیز لینگویج ۔中文
چین کی سرکاری زبان مینڈارین ہے اور یہ اقوام متحدہ کی چھ آفیشل زبانوں میں سے ایک ہے ۔ اقوام متحدہ کی دیگر پانچ آفیشل زبانوں میں انگریزی ،عربی فرانسیسی ، روسی اور اسپینش شامل ہیں ۔ چین کی حکومت خود بھی ایک مربوط حکمت عملی کے تحت دنیا بھر میں اپنی زبان یعنی مینڈا رین سکھانے کےلیے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے ۔ انہی کوششوں کی بدولت پاکستان میں بھی محدود پیمانے پر چینی زبان کو فروغ حاصل ہورہا ہے مگر اس کا لیول وہ نہیں جو ہونا چاہیے ۔
بہت سے ملکوں کو چینی زبان سکھانے پر چین اربوں یوآن سالانہ خرچ رہا ہے ۔ بہت سے ایسے افریقی ممالک ،جہاں چین نے بہت زیادہ سرمایہ کاری کر رکھی ہے ،وہاں تو ہر سال سینکڑوں چینی ٹیچرز کو بھیجا جاتا ہے جو وہاں جا کر چینی زبان کے مقامی استاد تیار کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ چینی حکومت بہت سے ملکوں کے طلباء کیلئے وظائف مہیا کرتی ہے کہ وہ چین جائیں اور چینی زبان سیکھیں ۔ ایسے تمام طلباء جو چین میں اعلی تعلیم کے حصول کیلئے جاتے ہیں ان کے لئے سال چھ مہینے کا چینی زبان کا نصاب لازمی ہوتا ہے ۔
اہل پاکستان کےلیے یہ بات شائد حیران کن ہوگی کہ چینی زبان سیکھنے کی دوڑ میں امریکہ بھی شامل ہے کیونکہ اسے مستقبل میں چینی کردار کی اہمیت کا ادراک ہے ۔ امریکی حکومت نے 2020 ء تک دس لاکھ امریکیوں کو چینی زبان سکھانے کا پروگرام شروع کررکھا ہے ۔ صدر اوباما کی بیٹی اور فیس بک کے مالک مارک زکر برگ کی جانب سے چینی زبان سیکھنے کے بعد امریکیوں میں اس زبان کی جانب دلچسپی بڑھی ہے مگر پاکستان میں ہم ایسی کوئی سرگرمی نہیں دیکھ رہے جس سے لوگوں کو چینی زبان کی جانب مائل کیا جاسکے ۔ سوچنے کی بات ہے کہ فیس بک کا مالک اگر چینی زبان سیکھنے کےلیے ٹائم نکال سکتا ہے توبیروزگاری کا شکوہ کرنے والے پاکستانی نوجوان ایسا کیوں نہیں کرسکتے ؟ اس ضمن میں اپنے قریب ترین لینگویج سینٹر سے رجوع کریں یا ویب سائٹ یا ایپ سے فائدہ اٹھائیں ۔
انگلش لینگویج English Language
بہت ضروری ہے ، ہر چیز، ہر معلومات ، ہر کتاب اس زبان میں موجودہے اور ہمارے ملک میں آگے بڑھنے کیلئے لازمی ہے۔ اسی لئے ضروری ہے کہ اس موسم گرما میں بچوں کو زیادہ سے زیادہ لینگویج کورسز سیکھنے کی جانب راغب کیا جائے ۔ اس ضمن میں بچے انگلش لینگویج کورسز کرنے کے لئےکوئی انسی ٹیوٹ جوائن کرسکتے ہیں۔ جہاں شارٹ کورسز میں دو ماہ میں اچھی خاصی انگریزی بولنے کے اہل ہو جاتے ہیں۔
جرمن لینگویج Deutsche Sprache
اگر آپ کے ارد گرد کوئی جرمن لینگویج انسٹیٹیوٹ موجو د نہیں تو بچوں کو آن لائن ویب سائٹس یا ایپس کے ذریعے جرمن سیکھنے میں مدد کی جاسکتی ہے جہاں جرمن یا ڈچ سیکھنے کے عمل کو دلچسپ بنانے کے لیے متعدد مشقیں، آڈیو فائلز،ویڈیوز اور بہت ساری تصاویر موجود ہیں۔ قواعد کےمجموعی جائزے اور 7000 سے زیادہ الفاظ اوراُن کے تلفظ کے بارے میں مفید معلومات والی لغت سیکھنے کے عمل کو اور بھی آسان بناتی ہیں۔سیکھنے کے لیے اپنا انفرادی پروفائل بنائیں اور مفت سائن اپ کریں۔ یہ پروگرام آپ کے نتائج کو محفوظ رکھتا ہے اور کورس کے دوران آپ کی رہنمائی کرتا ہے۔ اس طرح آپ اپنی ضروریات کے مطابق اپنے وقت کو بہترین طریقے سے استعمال کر سکتے ہیں۔
فرنچ لینگویج Langue française
اگرچہ کسی بھی زبان کا سیکھنا ،ملازمتوں یا کچھ علاقوں کے لئے مفید ہوسکتا ہے تاہم فرانسیسی زبان کئی حوالوں سے خاص طور پر ریاستہائے متحدہ امریکہ میں مفید ثابت ہوسکتی ہے ۔انگریزی کے بعد ایک غیر ملکی زبان کے طور پر فرانسیسی دنیا میں سب سے زیادہ ترقی یافتہ اور بولی جانے والی زبان ہے ۔فرانسفونی کی انٹرنیشنل آرگنائزیشن کے 51 رکن ممالک اور حکومتیں ہیں، ان میں سے28 ممالک کی قومی زبان فرانسیسی ہے۔
عربی زبان (اللغۃ العربیہ )
عربی زبان کا شمار دنیا کی بڑی زبانوں میں ہوتا ہے۔ انگریزی اور فرانسیسی زبان کے بعد عربی دنیا کی تیسری بڑی زبان ہے۔ اس زبان کے بولنے اور جاننے والے دنیا کے بہت بڑے حصہ میں پائے جاتے ہیں۔ یہ ستائیس ممالک کی سرکاری زبان ہے اور دنیا بھر میں اس کے بولنے والے تقریباً 35 کروڑ افراد ہیں اور وہ لوگ اس سے مستزاد ہیں جن کی مادری زبان عربی نہیں ہے لیکن وہ عربی ایسے جانتے ہیں جیسے کہ انکی مادری زبان۔ اور ان سب سے بالا یہ کہ ، یہ زبان دنیا بھر کے تقریباً ایک ارب ستر کروڑ کے لگ بھگ مسلمانوں کی مذہبی زبان ہے اور وہ عربی جانتے ہوں یا نہ جانتے ہوں انہیں یہ زبان کس طرح عزیز ہے، اس کا اندازہ غیر مسلم نہیں لگا سکتے۔