بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع مرادآباد میں دن دہاڑے برقع پوش خاتون کے ساتھ دست درازی کرنے والے نوجوان کو پولیس نے مقابلے کے دوران ٹانگ میں گولی مار دی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہوئی جس میں ایک نوجوان کو برقع پوش خاتون کے ساتھ سُنسان گلی میں نازیبا حرکت کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نوجوان کی اس شرمناک حرکت سی سی ٹی وی کیمرے میں محفوظ ہوگئی تھی جس سے پولیس کو ملزم کی تلاش میں کافی مدد دی۔
ویڈیو وائرل ہونے کے بعد مقامی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کی تلاش شروع کردی۔
بھارتی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق پولیس جب ملزم کی گرفتاری کے لیے اس کے پاس پہنچی تو ملزم نے فرار ہونے کی کوشش کی، اسی دوران پولیس نے ملزم کی ٹانگ میں گولی مار دی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں وہ زیرِ علاج ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم نے اپنی گرفتاری کے بعد کان پکڑ کر معافی مانگی اور ندامت کا اظہار بھی کیا۔
پولیس کی جانب سے ملزم کی ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے جس میں وہ معافی مانگتا ہوا نظر آ رہا ہے۔
مرادآباد پولیس کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ ملزم کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جا رہی ہے، خواتین کے خلاف جرائم پر زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی گئی ہے۔