• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
افطاری میں ڈھیروں ڈھیر چیزیں

ہر گھر میں افطاری کا خاص الخاص اہتمام کیا جات اہے ۔گرمی کتنی ہی شدید ہو ،شربت کے ساتھ پکوڑے ،دہی بڑے ،چاٹ وغیرہ بھی ضروری ہوتی ہے ۔آپ اپنی تراکیب سے سموسے ،پکوڑے وغیرہ بناتی ہیں ۔اب ذرا منہ کا ذائقہ بدلیں اور ہماری بتائی ہوئی تراکیب افطاری کا دستر خوان سجائیں ۔اس میں پکوڑے ،دہی بڑے،چاٹ کے علاوہ لسی اور کیری کا شربت بھی ہے ۔

چکن اسٹیکس:

اجزا:چکن آدھا کلو، پسی ہوئی لال مرچ آدھا چائے کا چمچہ، پسی ہوئی ہلدی دو چائے کے چمچے، پسا ہوا گرم مسالہ ایک چائے کا چمچہ،ہری مرچیں چار عدد کٹی ہوئی،سرکہ چوتھائی چائے کا چمچہ،کریم آدھا کپ،انڈے پانچ عدد،شملہ مرچ دو عدد چکور کاٹ لیں،پیاز دو عدد چکور کاٹ لیں،بریڈ کرمزحسبِ ضرورت،تیل حسبِ ضرورت فرائی کر نے کے لیے

ترکیب:سب سے پہلےگوشت کی بوٹیاں بنالیں پھر ان میں لال مرچ، ہلدی، گرم مسالہ، زیرہ، ادرک، لہسن، ہری مرچیںاور کریم ملا کر میرنیٹ کرنے کے لیے رکھ دیں، پھر اس کو اتنا پکائیں کہ گوشت گل جائے پھرچولہے سے اتار لیں۔ اسٹک لیں، اس پر ایک بوٹی، ایک کیوب شملہ مرچ، ایک کیوب پیاز اور پھر بوٹی لگائیں، اس طرح اپنے حساب سے اسٹیکس تیار کرلیں، انڈے پھینٹ لیں پھر اس کو انڈے میں ڈِپ کریں بریڈ کرمز لگائیں اورتیل میں فرائی کر لیں۔

آلو کے سموسے

اجزا:میدہ سوگرام،آلو ایک پاؤ(اُبال کر میش کرلیں)،گھی بیس گرام پسا ہواگرم مسالہ ایک چوتھائی چائے کا چمچہ ،پسی ہوئی لال اور کُٹی لال مرچ ایک ،ایک چوتھائی چائے کا چمچہ،کھٹائی ایک چوتھائی چائے کا چمچہ،ثابت دھنیا ایک چوتھائی چائے کا چمچہ،نمک حسب ِذائقہ،ہلدی ایک چوتھائی چائے کا چمچہ،پیاز ( کٹی ہوئی ) ددعدد،ہری مرچیں ( باریک کٹی ہوئیں )پانچ سے آٹھ عدد،ہرا دھنیا حسب ضرورت ،تیل فرائی کرنے کے لیے

ترکیب :ایک پیالے میں میدہ ، گھی ، نمک، اور اجوائن ملا کر پانی سے گوندھ لیں اور آدھے گھنٹے کے لیے رکھ دیں ۔پھرایک پین میں تیل گرم کریں اور اس میں پیاز 1 منٹ تک بھونیں پھر اس میں ہری مرچیں ، اُبلے اور میش کیے ہوئے آلو ، پسا ہوا گرم مسالہ ، کُٹی لال مرچ ، کھٹائی ، ثابت دھنیا، نمک ، ہلدی اور ہرا دھنیا ڈال کر یک جاکرلیں اور مسالہ بنا کر ایک طرف رکھ دیں ۔ آٹے کے چھوٹے چھوٹے پیڑےبنائیں اور چپاتی کی طرح بیل لیں ۔ پھر اس کے دو حصے کر لیں ، ہر حصّے کی کون بنا کر اس میں تیار کردہ آمیزہ بھر دیں اور ایک طرف سے دبا کر دوسری طرف سے تہہ کریں اور سموسے بنا لیں ۔پھر پین میں تیل گرم کریں اور سموسوں کو گولڈن براؤن ہونے تک ڈیپ فرائی کریں۔اس کے بعد سموسوں کو کچھ دیر کے لیے ٹشو پیپر پر نکال لیں ،تاکہ اضافی تیل اس میں جذب ہو جائے۔مزیدار سموسے تیار ہے املی کی چٹنی کے ساتھ پیش کریں۔

املی کی چٹنی :

ضروری اشیاء برائے املی کی چٹنی :

املی ایک پیالی،نمک حسبِ ذائقہ،گڑ / چینی دو سے تین کھانے کے چمچے پسی ہوئی لال مرچ ڈیڑھ چائے کا چمچہ،سفید زیرہ ایک چائے کا چمچہ،

سب چیزوں کو ملا کر ہلکی آنچ پر دس منٹ تک پکائیں پھر چولہے سے اُتار لیں ، اچھی طرح ٹھنڈا کرکے بوتل میں محفوظ کر لیں ۔

مکس پالک پکوڑے:

اجزاء:بیسن دو کھانے کے چمچے،آلوایک عدددرمیانے سائز کاٹکڑوں میں کٹا ہوا،پیاز ایک عدددرمیانی چھوٹی کٹی ہوئی، پالک کےپتےچھ عددچھوٹے کٹے ہوئے،ثابت دھنیا ایک کھانے کا چمچہ،زیرہ ایک کھانے کا چمچہ،نمک ،مرچ حسبِ ذائقہ،میٹھاسوڈاایک چٹکی،اناردانہ ایک چائے کا چمچہ

ترکیب:بیسن میں نمک، مرچ اورایک چٹکی میٹھا سوڈا ڈال کر پھینٹ لیں اورکچھ دیر کے لیے رکھ دیں۔ اس سے پکوڑے خستہ بنیں گے، اب اس میں ثابت دھنیا، اناردانہ ، زیرہ ملا کرگھول لیں پھر پالک آلو اور پیاز بھی شامل کرلیں اورتیز گرم تیل میں ہلکی آنچ پرسنہرا ہونے تک تلیں۔ مزیدارمکس پالک پکوڑے تیار ہیں ، املی کی میٹھی چٹنی سے لطف دوبالا کریں۔

کشمیری پکوڑے:

اجزاء:پیازایک عدد ,آلوایک عدد،نمک حسب ِذائقہ، پسی ہوئی لال مرچ حسب ِذائقہ،پسا ہوادھنیاایک چھوٹاچمچہ،پساہوا زیرہ ایک چھوٹا چمچہ،انار دانہ حسبِ ذائقہ،ہری مرچ ایک یا دو عدد،لیموںآدھا،دہی دوسے تین بڑے چمچے،ہلدی ایک چوتھائی چمچہ

ترکیب:سب سے پہلےہری مرچ اورپیاز باریک کاٹ لیں اور آلو کدوکش میں موٹا کش کرلیں ،پھر کٹی ہوئی ہری مرچ، پیاز اور سارے مسالے ڈال کر یک جا کرلیں، آدھا لیموں نچوڑ کرمکس کریں ، اب اس میں تھوڑا سا بیسن شامل کرلیں۔پھردہی ڈال کریک جا کریں، جس طرح پکوڑوں کے لیے آمیزہ بناتے ہیں ،مگراس میں پانی نہیں ڈالیں،یہ آمیزہ دہی ڈال کر بنتا ہےاورسخت رکھا جاتا ہے یعنی پیسٹ نرم نہ ہو۔ اس کے بعد تھوڑی دیرکے لیے رکھ دیں ،پیاز پانی چھوڑ دے گی اورپیسٹ نرم ہو جائے گا۔اب پکوڑے بناکرتل لیں، سنہرا ہونے پر نکال لیں۔

لسی

اجزاء:دہی آدھا کلو،چینی چار بڑے چمچے،نمک آدھا چائے کا چمچہ،برف باریک کوٹ کر حسبِ ضرورت

ترکیب:دہی، چینی ، نمک اورتھوڑا سا پانی بلینڈر میں ڈال کر اچھی طرح بلینڈ کرلیں،پھر جگ میں نکال کر ٹھنڈا پانی اور برف مکس کرلیںاور ٹھنڈی لسی کا لطف اٹھائیں۔

شکنجبین

اجزاء:لیموں دو سے تین عدد ،چینی دو سے تین بڑے چمچے،نمک چٹکی بھر،کالا نمک چٹکی بھر،کٹی ہوئی برف حسبِ ضرورت،پانی ایک جگ

ترکیب :سب سے پہلے پانی میں چینی گھول کر لیموں کا رس شامل کردیں پھر برف اور دو پودینے کے پتے ڈال کر ٹھنڈا ٹھنڈا پیش کریں ۔یہ شدید گرمی میں پیاس کی شدت کو کم کرتا ہے جگر اور معدے کی اصلاح کرتا ہےاور خصوصاً افطار کے وقت فرحت بخشتاہےیہ عام میٹھے شربتوں کی طرح بھاری پن نہیں لاتا۔

کیری کا شربت

اجزاء:کیری ایک کلو،چینی ایک کلو،پانی چار گلاس

ترکیب: کیری کو اچھی طرح سے دھو کر اس کا چھلکا اتار لیں پھر اس میں چار گلاس پانی شامل کرکے ابال لیںاورجب کیری اچھی طرح گل جائے تو چولھا بند کر دیں۔ٹھنڈا ہونے پر ہاتھوں سے اس کا گودا نکال لیں۔جب سارا گودا اور اس کا بچا ہوا پانی کم ہوجائے تو اورپانی شامل کرلیںاور اس کو ایک کلو چینی کے ساتھ گرائنڈر میں ڈال کرگرائنڈ کر لیں۔اس کے بعد اس مکسچر کو ایک دیگچی میں ڈال کر پکا ئیں ۔ لکڑی کا چمچہ مسلسل چلاتے رہیں۔ جب اس کا رنگ تھوڑا تبدیل ہونا شروع ہوجائے، چینی پک جائےاور یہ گاڑھا ہوجائے تو چولہا بند کردیں۔جب ٹھنڈا ہوجائے تو ایک بوتل میں بھر کر فریج میں رکھ لیں۔ افطار کے وقت ایک گلاس ٹھنڈے پانی میں دو کھانے کے چمچے اس مکسچر کو ڈالیں اور برف ڈال کر ٹھنڈا ٹھنڈا استعمال کریں۔

فروٹ کوکٹیل

اجزاء:قلفہ آئس کریم آدھا لیٹر،فروٹ کوکٹیل ایک عدد،کریم ایک پیکٹ،لال جیلی ایک پیکٹ،چینی پسی ہوئی چار کھانے کے چمچے ،بادام، پستے ایک کپ باریک کٹے ہوئے

ترکیب:سب سے پہلے لال جیلی میں دو کپ پانی ڈال کر پکالیں، اب اسے فریج میں رکھ کر ٹھنڈا کرکے ٹکڑے کرلیں۔ایک برتن میں قلفہ آئس کریم، پسی چینی اور کریم کو مکس کرلیں۔پھر اس میں فروٹ کوکٹیل اور جیلی شامل کریں، اوپر بادام، پستے ڈال کر دو گھنٹے کے لئے فریج میں رکھ دیں۔فروٹ کوکٹیل تیار ہے۔

تازہ ترین