• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہم نے 20 سال کا انتظام کردیا، زرداری،مشرف نے بجلی کا کوئی پلانٹ نہیں لگایا، وزیراعظم

ہم نے 20 سال کا انتظام کردیا، زرداری،مشرف نے بجلی کا کوئی پلانٹ نہیں لگایا، وزیراعظم

شجاع آباد، راولپنڈی ( نیوز ایجنسیز،مانیٹرنگ ڈیسک ) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ہم نے 20برس کا انتظام کردیا لیکن زرداری اور مشرف نے بجلی کا کوئی پلانٹ نہیں لگایا، جنوبی پنجاب کا نعرہ لگانے والے مشرف کے دائیں بائیں بیٹھے تھے، انہوں نے اُس وقت صوبہ کیوں نہیں بنایا؟مزید صوبے ضرور بنیں لیکن اتفاق رائے سے بنیں۔ موٹر وے کے سکھر شجاع آباد سیکشن کے افتتاح کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ حکومت کو غیر مستحکم کرنے کیلئے دھرنے دیے گئے اور عدالتوں میں گھیسٹا گیا لیکن ہم نے کسی امپائر کا انتظار نہیں کیا اور ترقی کا سفرجاری رکھا۔انہوں نے کہا کہ حکومت کوغیرمستحکم کرنے کیلئے دھرنے دیے گئے ،عدالتوں میں گھیسٹا گیا، آج پورے پاکستان میں کہیں بھی جائیں آپ کو مسلم لیگ ن کے کام نظرآئیں گے، مشرف نے 10 سال بجلی کا کوئی کارخانہ نہیں لگایا، صرف دو چار منصوبے شروع کیے مگر ایک بھی مکمل نہ کر پایا، زرداری نے منصوبے شروع ہی نہیں کیے مکمل کرنا تو دور کی بات ہے، اس وقت دوسرے صوبوں کے مقابلے میں سب سے کم پیسہ پنجاب کو ملتا ہے، کسی شہر میں چلے جائیں، پنجاب کے شہر بدلتے نظر آئیں گے، ملتان سے سکھر موٹر وے 294 ارب روپے کا منصوبہ ہے، اس سے قبل حکومتیں صرف چند کروڑ روپے کے منصوبے کی بات کرتی تھیں، جب سے پاکستان بنا20ہزار میگاواٹ بجلی 65سال میں لگی تھی، مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں 10,400میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل کی گئی، ہم نے پاکستان کے آنے والے کل کےلئے کام کیا ہے، آج جو نعرے لگا رہے ہیں وہ صرف دھوکے کی سیاست کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب سیاست صرف خدمت کی چلے گی، مخالفین ایک منصوبے دکھائیں ہم دس ثابت کر کے دیں گے، فیصلہ عوام کے پاس ہے، الیکشن اور سیاست کا فیصلہ پولنگ اسٹیشن میں ہوتا ہے، ہم نے ترقی کا سفر جاری رکھا آج اس کے ثمرات سامنے ہیں، یہ جمہوریت اور سیاست کا طریقہ ہے۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پانی کی صورتحال درست نہیں، ڈھائی ہزار میگا واٹ بجلی پانی سے بنائی جارہی تھی، پانی نہ ہونے کی وجہ سے بجلی کی کمی ہے پھر بھی لوڈشیڈنگ نہیں ہو رہی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے صرف عوام کیلئے کام کیا جس کو دنیا بھی تسلیم کرتی ہے، نہ صرف آج بلکہ کل کے پاکستان کے لیے بھی کام کیا، دنیا ہمارے کام کی معترف ہے۔

تازہ ترین