• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رحیم یار خان،کنٹینر جھونپڑیوں پر الٹ گیا،ماں،3بچے جاں بحق،ملتان ڈمپر کی ٹکر، 5 مزدور جاں بحق

رحیم یار خان،ملتان،گجرات (نمائندہ جنگ، مانیٹرنگ سیل) رحیم یار خان میں قومی شاہراہ پر ٹرالر پر رکھا کنٹینر جھونپڑیوں پر گرنے سے 3 بچے اور ان کی ماں سمیت 4 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئےجبکہ شجاع آباد میں موٹر وے پر تعمیراتی کام کے دوران ڈمپر کی ٹکر سے 5 مزدور جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے، گجرات میں ٹریکٹر ٹرالی کی موٹرسائیکل کو ٹکر کے نتیجے میں 2 نوجوان زندگی کی بازی ہارگئے۔رحیم یار خان سے ریسکیو ذرائع کے مطابق لیاقت پور میں ترنڈہ قومی شاہراہ پر لاہور سے کراچی جانے والے ٹرالر پر لدا کنٹینر سڑک کنارے قائم جھونپڑیوں پر الٹ گیا، حادثے کے نتیجے میں کنٹینر کے نیچے دب کر ایک ہی خاندان کے 3 معصوم بچے اور ان کی والدہ جاں بحق جبکہ 2 افراد زخمی ہوگئے۔بدنصیب خاندان کے اوپر گرے کنٹینر کو کرین کی مدد سے ہٹایا گیا جبکہ ریسکیو اہلکاروں نے لاشوں اور زخمیوں کو رورل ہیلتھ سنٹر ترنڈہ محمد پناہ منتقل کردیا،پولیس کے مطابق ٹرالر ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا، جس کی تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں۔ ادھر ملتان کی تحصیل شجاع آباد میں موٹر وے کے تعمیراتی کام کے دوران ڈمپر کی ٹکر سے 5 مزدور جاں بحق اور 4زخمی ہوگئے۔پولیس کے مطابق انٹر چینج پر تعمیراتی کام آخری مراحل میں تھا کہ ایک ڈمپر کی ٹکر سے 3 مزدور جاں زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ 4 شدید زخمی ہوگئے۔زخمی مزدوروں کو تشویشناک حالت میں نشتر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں دوران علاج مزید 2 زخمی چل بسے۔دوسری جانب پولیس نے ڈمپر ڈرائیور کو گرفتار کرکے تفتیش کا آغاز کردیا۔گجرات میں سرگودھا روڈترکھارائس مل کے سامنے تیزرفتارٹریکٹرٹرالی نے موٹرسائیکل کو کچل ڈالا جس کے نتیجے میں سائیکل سوار2 نوجوان ثقلین اور تجمل عباس سکنہ قاضی چک موقع پر جاں بحق ہوگئے ،حادثہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اورٹریکٹر ٹرالی کے ڈرائیورکے خلاف مقدمہ درج کرلیا،پوسٹ مارٹم کے بعد نعشیں ورثاء کے حوالے کردی گئیں ۔ ادھر جی ٹی روڈ پر 2موٹر سائیکلوں کے تصادم میں 4افرادعدنان ،بشیر احمد،رضوان اور اقبال شدیدزخمی ہوگئے ۔ بھمبرروڈ پر تیزرفتارموٹر سائیکل الٹنے سے 2نوجوان علی ثقلین اور باسط زخمی ہوگئے جنہیں ہسپتال داخل کرادیاگیا ۔
تازہ ترین