• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جامع مسجد سرینگر کے باہر نہتے مظاہرین پر طاقت کا استعمال جارحیت کے مترادف ہے،مزاحمتی قیادت

کراچی (رپورٹ:جاوید رشید)مقبوضہ کشمیر کی مزاحمتی قیادت نے کہا ہے کہ جامع مسجد سرینگر کے باہر نہتے مظاہرین پر طاقت کا استعمال جارحیت کے مترادف ہے ۔مشترکہ مزاحمتی قیادت سید علی شاہ گیلانی، میرواعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے نماز جمعہ کے بعد مرکزی جامع مسجد سرینگر کے باہر نہتے مظاہرین کیخلاف پولیس اور فورسز کی جانب سے بلا اشتعال پیلٹ ، ٹیئر گیس شیلنگ اور مرچی گیس کے تباہ کن استعمال جس کے نتیجے میں درجنوں افراد شدید زخمی ہوئے جبکہ کئی افراد کی آنکھوں میں پیلٹ لگنے سے انکی آنکھیں شدید متاثر ہوئیں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس اور فورسز کا طرز عمل شدید جارحیت کے مترادف ہے اور جس طرح نہتے نوجوانوں کیخلاف طاقت اور تشدد کا بے تحاشا استعمال کیا گیا ، نوجوانوں ، راہ گیروں اور دکانداروں کو پکڑ کر شدید مارپیٹ کی گئی اور زخمی کیا گیا اور اس پورے علاقے کو میدان جنگ میں تبدیل کردیا گیا وہ ہر لحاظ سے سرکاری دہشت گردی کا بدترین مظاہرہ کیا گیا ۔قائدین نے کہا کہ نماز جمعہ کے مواقع پر جامع مسجد کے باہر فورسز اور پولیس کا جمائو معمول بنتا جارہا ہے اور بلا کسی جواز اور معقول وجہ کے ہر جمعہ کو وہاں پولیس اور بھاری تعداد میں فورسز کو تعینات کرکے حالات کو جان بوجھ کر کشیدہ بنانے کی کوشش کی جاتی ہے ۔سینئر حریت لیڈر و چیئرمین سالویشن موومنٹ ظفر اکبر بٹ نے کہا کہ کشمیر میں بدترین انسانی حقوق کی پامالیاں عروج پر ہیں اور بلٹ،پیلٹ،شیلنگ کا معصوم عوام کے اوپر خوب استعمال ہورہا ہے اور جمعہ کو جامع مسجد سرینگر کی مثال تازہ ہے۔ انہوں نے طاقت کے بے تحاشا استعمال کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ظلم و جبر سے تحریک آزادی کی جدوجہد کو دبایا نہیں جاسکتا ہے۔حریت کانفرنس جے کے کنوینر اور مسلم کانفرنس کے چیئرمین شبیر احمد ڈار، محاز آزادی کے صدر محمد اقبال میر، انٹرنیشنل فورم فار جسٹس کے چیئرمین محمد احسن اونتو ،ینگ مینز لیگ کے چیئرمین امتیاز احمد ریشی،تحریک استقامت کے چیئرمین غلام نبی وار اور غلام نبی وسیم نے نماز جمعہ کے بعد جامع مسجد سرینگر کے باہر اور اندر فورسز کی طرف سے دہشت گردی کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مسجد کے اندر جس طرح سے نمازیوں پر آنسو گیس اور پیلیٹ گن کا استعمال کیا گیا وہ انسانی اور مذ ہبی حقوق کی بدترین پامالی ہے جس طرح سے جامع مسجد کا تقدس پامال کیا گیا اس سے ہر مسلمان کا دل مجروح ہوا ہے۔
تازہ ترین