اسلام آباد،لاہور،ملتان (نمائندہ خصوصی ،نمائندہ جنگ ،اے پی پی )بچوں کے نامور ادیب اور عمران سیریز کے حوالے سے پہچانے جانے والے ناول نگار مظہر کلیم ایم اے طویل علالت کے بعد ہفتہ کے روز ملتان میں انتقال کرگئے،ان کی عمر 75برس تھی،ابن صفی کے انتقال کے بعد مظہر کلیم نے انکے کردار علی عمران کے نام سے معروف ہو نے والی عمران سیریز کو آگے بڑھایا اور بچوں کے لیے سینکڑوں ناول تحریر کیے،ان کے ناولوں کی تعداد 600سے زیادہ بتائی جاتی ہے،وہ ریڈیو پاکستان ملتان کے معروف پروگرام ’جمہوردی آواز‘ کے میزبان کی حیثیت سے بھی شہرت رکھتے تھے۔ مظہر کلیم ایم اے کی نمازجنازہ ابدالی مسجد ملتان میں ادا کی گئی۔ ان کو آبائی قبرستان میں سپردخاک کر دیا گیا، وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب،وزیراعظم کے مشیر عرفان صدیقی اور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے انکی وفات پر افسوس کا اظہار کیا ہے،مریم اورنگزیب نے کہا کہ شعبہ ادب میں مظہر کلیم کی گراں قدر خدمات تادیر یاد رکھی جائیں گی۔