• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
ایشین گیمز کیلئے پاکستان فٹ بال کی تیاریاں عروج پر

ایشین گیمزکی تیاری کیلئے فٹبال کیمپ میں سرگرمیاں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔ برازیلی کوچ جوز انتونیو ناگورا کھلاڑیوں کی مہارت بہتر بنانے کیلئے کوشاں ہیں، ٹرینر جوز رابرٹو پورٹیلا کی توجہ فٹنس کو عالمی معیار پر لانے پر مرکوز ہے، صدر پی ایف ایف سید فیصل صالح حیات نے تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے ذرائع کے مطابق ایشین گیمز فٹبال کی تیاری کےلیے تربیتی کیمپ 25 مئی سے لاہور میں شروع ہوا جس کی سرگرمیاں اس وقت عروج پر ہیں۔ برازیلی کوچ جوز انتونیو ناگورا اور ٹرینر جوز رابرٹو پورٹیلا کیساتھ مقامی اسٹاف بھی کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں مصروف ہیں۔

چیلنج کپ میں کارکردگی کی بنیاد پر کیمپ میں مدعو کئے جانے والے کھلاڑیوں کا انتخاب کرتے ہوئے تجربے اور نئے ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ دونوں چیزوں کو پیش نظر رکھا گیا ہے۔

منتخب کھلاڑیوں میں غضنفر یاسین، مہدی حسن، محمد سہیل، صفیان آصف، محمد سہیل خان، منصور خان، فیصل (پاکستان ایئرفورس)، مزمل حسین، عبدالباسط، سعادت حسین، عمر حیات، محسن علی، محمد بلال، علی عزیر، عدیل علی، احمد فہیم، شہرام بابر، محمد احمد(واپڈا)،ارسلان علی، محمد شاہد، عمیر علی، رجب علی، عبدالقدیر خان، یوسف، محمد عادل، دانش حمید(خان ریسرچ لیبارٹری)، احسان اللہ، ثاقب حنیف، تنویر ممتاز، محمود خان، صدام حسین، سعداللہ، عبدالرزاق، حبیب الرحمن، وقار بلوچ، امجد حسین( سوئی سدرن گیس)، استقلال (پاکستان پیٹرولیم)، شہباز یونس (آرمی )، مبشر(سٹیٹ لائف)، علی خان، وسیم، زین، زید عمر ، نعمان(پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی)، عثمان خان، فیصل اقبال، ثناء اللہ، مقبول، منیر جونیئر، شیر علی(نیشنل بینک)، ریاض احمد، محمد رسول، مرتضی حسین، وسیم شہزاد(کے الیکٹرک)، محمد عثمان محکم، شاہ زیب مسعود (پاکستان ایئرلائن)، نوید احمد (نیوی) اور باسط امین(سوئی ناردرن گیس) شامل ہیں۔

کیمپ میں کوچ جوز انتونیو ناگورا کھلاڑیوں کی مہارت بہتر بنانے کیلئے سرگرم ہیں۔ دوسری جانب ٹرینر جوز رابرٹو پورٹیلا کی توجہ فٹنس کو عالمی معیار پر لانے پر مرکوز ہے۔ رمضان المبارک کی وجہ سےماڈل ٹاؤن بی بلاک گرائؤنڈ میں ٹریننگ رات کو شیڈول کی گئی ہے۔ ایشین گیمز انڈونیشیا میں 18اگست سے 2ستمبر تک ہوں گے۔

پاکستان فٹبال ٹیم کو بنگلہ دیش میں 4ستمبر کو ہونے والی ساف گیمز میں بھی شرکت کرنا ہے۔ پی ایف ایف کے صدر سید فیصل صالح حیات نے لاہور میں جاری تربیتی کیمپ کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انٹرنیشنل ایونٹس کی تیاری کیلئے کھلاڑیوں کوبہترین کوچنگ اور سہولیات فراہم کررہے ہیں۔ فیڈریشن ٹیم کی فٹنس کو عالمی معیار پر لانے کیلئے بھی کوشاں ہے۔

برازیلی ٹرینر جوز رابرٹو پورٹیلا اپنا تجربہ بروئے کار لاتے ہوئے کھلاڑیوں کو سپر فٹ بنانے میں کامیاب ہوں گے، اس محنت کا مثبت نتیجہ بھی سامنے آئے گا۔

تازہ ترین