چارسدہ (نمائندہ جنگ) مندنی میں قبر کھدائی کے تنازعہ پر چچا زاد بھائیوں کے درمیان دو طرفہ فائرنگ کے نتیجہ میں 4 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہو گئےہیں ۔ تھانہ مندنی کی حدود میں قبر کھدائی کے تنازعہ پر چچا زاد بھائیوں کے مابین تکرار کے بعد دو طرفہ فائرنگ کے نتیجے میں فریق اول سے حاجی حمیدولد سیفل جاں بحق جبکہ محمد ابراہیم ولد سیفل اور ریاب ولد رحمت اللہ زخمی ہو گئے جبکہ فریق دوم سے تین افراد اسحاق ولد فاتح گل ، ذیشان ولد نسیم اللہ اور معزا للہ ولد محب اللہ جاں بحق ہو گئے ۔ پولیس ذرائع کے مطابق گزشتہ روز مقتولین کا خالہ زاد بھائی رحیم اللہ ٹریفک حادثہ میں زخمی ہواجو منگل کو زندگی کی بازی ہا ر گیا ۔ متوفی رحیم اللہ کی تدفین کیلئے قبر کھدائی کے معاملے پر فریقین کے مابین پہلے تلخ کلامی ہوئی جس کے بعد دونوں فریقوں نے اسلحہ آتشین سے ایک دوسرے پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 4افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ دو افراد زخمی ہیں واقعہ کے بعد پولیس او راہل علاقہ نے قانونی کاروائی اور پوسٹمارٹم کیلئے نعشوں کو جمال آباد ہسپتال منتقل کیاجبکہ زخمیوں کو پشاور کے لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کر دیا ۔ آخری اطلاعات آنے تک کوئی ایف آئی آر درج نہیں کی گئی ۔