• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مریم اورنگزیب اپنی وزارت کو وقت دیں وزیراطلاعات کی عدم حاضری پر قائمہ کمیٹی برہم

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کی سینٹ قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات میں عدم حاضری پر چیئرمین کمیٹی سینیٹر فیصل جاوید نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ شریف خاندان کی کہانی ختم ہو چکی کیونکہ اب وہ تاحیات نااہل ہو چکے ہیں، وزیر اطلاعات کو انکے بجائے اپنی وزارت کو وقت دینا چاہئے۔ کمیٹی کا اجلاس منگل کو یہاں پارلیمنٹ لاجز میں منعقد ہوا۔ قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کے اجلاس میں چیئرمین کمیٹی سینیٹر فیصل جاوید نے اظہار ناراضی کرتے ہوئے پوچھا کہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کیوں نہیں آئیں حالانکہ آج کے اجلاس کی تاریخ اْنکی تجویز پر رکھی گئی تھی مجھے معلوم ہے کہ اسی وقت مریم اورنگزیب کی پریس کانفرنس ہے اور وہ وہاں ڈیوٹی دینے گئی ہیں جس کے جواب میں وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات احمد نواز سکھیرا نے کہا کہ اْنہیں فون کر رہے ہیں مگر وہ جواب نہیں دے رہیں۔ سینیٹر پیر صابر شاہ نے کہا کہ اگر ہم کمیٹی میں محض نواز شریف اور مریم اورنگزیب کو ہی زیر بحث لائیں گے تو اصل ایشوز سے ہٹ جائیں گے۔ وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات مشتاق سکھیرا نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ چونکہ اب سرکاری ٹی وی کا مقابلہ سو سے زائد چینلز کے ساتھ ہے اس لئے اس میں بہت سی تبدیلیاں لا رہے ہیں اس کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں پرائیویٹ سیکٹر کے افراد کو شامل کیا جا رہا ہے۔ کمیٹی نے اگلے اجلاس میں سرکاری ٹی وی کے تمام ملازمین کی تنخواہوں کا ریکارڈ لانے کی ہدایت کردی۔ سینیٹر مشتاق احمد نے کہا کہ ادارے کی پنشن کا مسئلہ جولائی میں حل ہو نا شروع ہو جائے گا۔
تازہ ترین