• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور میں جگر اور گردے کی پیوندکاری کے بڑے اسپتال کا افتتاح شہباز شریف نے کردیا

لاہور میں جگر اور گردے کی پیوندکاری کے بڑے اسپتال کا افتتاح شہباز شریف نے کردیا

لاہور(خصوصی نمائندہ )لاہور میں 20 ارب روپے کی خطیر لاگت سے کڈنی اینڈ لیورٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا،ہسپتال میں دو مریضوں وقار احمد اور محمد کلیم میں گردے کی مفت پیوند کاری بھی کر دی گئی ۔صدر مسلم لیگ ن اوروزیراعلیٰ شہباز شریف نے ان مریضوں کی خیریت دریافت کی اورانہیں گردے کی کامیاب پیوند کاری پر مبارکباد دی ۔اس موقع پر شہباز شریف نے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ ایسا شاندار ادارہ ہے کہ غریب آدمی اس میں داخل ہوکر ورطہ حیرت میں ڈوب جاتا ہے، یہ یورپی ہسپتالوں میں کسی صورت کم نہیں، یہاں تربت ، مالاکنڈ، کراچی ، لاڑکانہ ، نواب شاہ ، کوئٹہ ، آزاد کشمیر اور گلگت بلتسان جہاں سے بھی مستحق مریض آئے گا اس کا علاج بالکل مفت ہو گا۔ یہاں 70ڈاکٹر یورپ اورمشرق وسطیٰ سے آئے ہیں اوروہ اپنے شعبے کو ماہرین ہیں۔گزشتہ دس سالوں میں ہم غریب مریضوں کے ہندوستان علاج معالجے پر ڈیڑھ ارب روپے خرچ کر چکے ہیں اب اس ہسپتال کے بننے سے یہ باب بند ہو گا اور مودی کی مدد کی ضرورت نہیں پڑے گی۔شہبازشریف نے کہاکہ میں 2003ء میں موذی مرض کینسر کا شکار ہوا اورمیں نے علاج امریکہ کے ہسپتال سے کرایا جس پر 60ہزار ڈالر خرچ ہوئے ۔خدشہ ہے کہ نیب کہیں یہ نہ پوچھ لے کہ یہ رقم کہا ں سے آئی جبکہ اس ادارے میں دونوں مریضوں کا گردوں کا ٹرانسپلانٹ سو فیصد مفت ہوا ہے ۔انہو ں نے کہاکہ انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی پنجاب کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مجاہد شیر دل محنتی اورایماندار افسر ہیں لیکن نیب کی وجہ سے جس طرح کا ماحول بن گیاہے وہ بھی خوفزدہ ہوگئے ہیں۔جس نے بددیانتی یا کرپشن کی اس کا احتساب ہونا چاہیے تاہم ایمانداری سے کام کرنیوالوں کی ستائش بھی ہونی چاہیے۔اگر ایسا نہ ہوا تو پھر خدا نخواستہ بہت نقصان ہو سکتا ہے - ایک اور سوال کے جواب میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ میں ہمیشہ خوب سے خوب تر کی تلاش میں رہتا ہوں ، ابھی ہمیں بہت کام کرنا ہے -

تازہ ترین