سکھر (بیورو رپورٹ) سکھر، روہڑی سمیت گرد و نواح میں شدید گرمی کا راج ہے، دوپہر کے وقت گرم ہوائیں چلنے اور سورج کی تمازت نے عوام کو گھروں، دکانوں اور دفاتر تک محدود کردیا ہے جبکہ لو کے باعث 12افراد بے ہوش بھی ہوگئے۔ سکھر، روہڑی، صالح پٹ، کندھرا، سنگرار، علی واہن، اروڑ، بچل شاہ میانی، باگڑجی سمیت دیگر علاقے کئی دن سے شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے اور ہر گزرتے دن کے ساتھ گرمی کی شدت میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے، گرمی کی شدید لہر نے عوام کو نڈھال کررکھا ہے، تپتی دھوپ اور گرم ہوائیں چلنے کے باعث دوپہر کے وقت شاہراہوں و تجارتی مراکز میں ویرانی دیکھنے میں آئی۔ شہر کے اہم تجارتی مراکز منارہ روڈ، ایوب گیٹ، ریس کورس روڈ، ملٹری روڈ، ورکشاپ روڈ، بندر روڈ، گھنٹہ گھر چوک، شہید گنج، صرافہ بازار، بیراج روڈ ودیگر میں کاروباری سرگرمیوں میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی جبکہ بیرون شہر سے خریداری کے لئے آنیوالے افراد گرمی کی شدت سے نڈھال نظر آئے۔ ٹریفک کی روانی بھی معمول سے انتہائی کم رہی، لوگ اپنے کام کاج نمٹانے کے لئے سورج ڈھلنے کا انتظار کررہے ہیں، تپتی دھوپ اور گرم ہوائیں چلنے کے باعث ضلع کے مختلف علاقوں میں 12افراد کے بے ہوش ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں، بے ہوش ہونیوالوں میں عامر، افتخار، نعیم، خرم، نعمان، اعجاز، احسن، سلمان ودیگر شامل ہیں، جنہیں فوری طور پر سرکاری و نجی اسپتالوں میں داخل کراکر طبی امداد فراہم کی گئی۔ شدید گرمی اور تپتی دھوپ میں بیرون شہر سفر کرنیوالے افراد کو انتہائی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ ڈاکٹرز نے لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ شدید گرمی سے بچنے کے لئے احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں، دوپہر ایک بجے سے لیکر شام 4بجے تک بلاضرورت گھروں، دکانوں اور دفاتر سے باہر نکلنے سے گریز کریں، اگر دھوپ میں نکلنا ضروری ہے تو پھر سر کو کپڑے سے ڈھانپ کر نکلیں تاکہ گرمی سے بچا جاسکے۔