سکھر (بیورو رپورٹ) ضلعی انتظامیہ کی عدم توجہی و لاپروائی کے سبب خستہ حال شکارپور اوور ہیڈ برج کا مرمتی کام شروع نہیں کیا جاسکا، برج کے مختلف مقامات پر پڑنے والے گڑھے حادثات کا سبب بن رہے ہیں، انتظامیہ نے مرمتی کام کرانے کے بجائے بڑی گاڑیوں کا گزرنا منع ہے کا بورڈ آویزاں کردیا لیکن اس کے باوجود برج سے بڑی گاڑیوں کے گزرنے کا سلسلہ بدستور جاری ہے، جگہ جگہ گڑھے پڑنے، پلستر اکھڑنے اور سریے نظر آنے کے باعث کوئی بڑا حادثہ رونما ہونے کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔ شکارپور پھاٹک ریلوے کراسنگ کے مقام پر شکارپور روڈ اور ملٹری روڈ کو ملانے کے لئے تعمیر ہونیوالا اوور ہیڈ برج طویل عرصے سے مرمت نہ ہونے کے باعث خستہ حالی کا شکار ہے، شکارپور روڈ اور ملٹری روڈ کو ملانے والا یہ ایک اہم برج ہے اور شہریوں کی ایک بڑی تعداد شکارپور روڈ پر جانے کے لئے شکار پور پھاٹک کے بجائے مذکورہ برج کا استعمال کرتی ہے جبکہ بیرون شہر سے آنیوالے افراد بھی اسی برج سے گزر کر ہی شہر میں داخل ہوتے ہیں اور روزانہ ہزاروں گاڑیوں کا اس برج سے گزر ہوتا ہے مگر برج کی خستہ حالی کے باعث برج کے مختلف مقامات پر گڑھے پڑگئے ہیں بالخصوص برج کے آپس میں ملنے والے حصوں کے درمیان پڑنے والے گڑھے حادثات کا سبب بنتے ہیں، متعدد بار موٹر سائیکل سوار گرکر زخمی ہوچکے ہیں۔ انتظامیہ کی جانب سے برج کا مرمتی کام کرانے کے بجائے برج سے بڑی گاڑیوں کا گزرنا منع ہے کا بورڈ آویزاں کرکے اپنی جان چھڑالی گئی ہے مگر حیرت انگیز بات یہ ہے کہ خستہ حالی کا شکار برج سے بڑی گاڑیوں کے گزرنے کو روکا نہیں جاسکا ہے، انتظامیہ نے بورڈ تو آویزاں کردیا ہے مگر بڑی گاڑیوں کے گزرنے کو روکنے کیلئے کسی بھی قسم کے اقدامات نہیں کئے گئے ہیں، یہی وجہ ہے کہ شکارپور اوور ہیڈ برج سے بڑی گاڑیوں کے گزرنے کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ خستہ حال برج سے بڑی گاڑیوں کے گزرنے سے کسی بھی وقت کوئی بڑا حادثہ رونما ہوسکتا ہے مگر انتظامیہ اس حوالے سے کسی بھی قسم کے اقدامات کرتے ہوئے دکھائی نہیں دے رہی ہے۔ برج پر پڑنے والے گڑھوں کو بھرنے کے لئے انتظامیہ کی جانب سے عارضی طور پر سیمنٹ، بجری وغیرہ ڈال کر بند کردیا جاتا ہے یا پھر برج کے ان حصوں پر لوہے کی چادر بچھادی جاتی ہے مگر آج تک انتظامیہ کی جانب سے اس اہم برج پر پڑنے والے گڑھوں کو بند کرکے مسئلہ کو مستقل بنیادوں پرحل کرنے کے لئے کسی بھی قسم کے اقدامات نہیں کئے گئے ہیں، انتظامیہ کی غفلت کا یہ عالم ہے کہ برج کے مختلف حصوں اور ستونوں کا جگہ جگہ سے پلستر بھی اکھڑ گیا ہے اور سریے نظر آرہے ہیں۔ سکھر کے شہری و عوامی حلقوں نے شکارپور پھاٹک اوور ہیڈبرج کی خستہ حالی پر انتظامیہ کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ صرف بورڈ آویزاں کئے جانے سے انتظامیہ کی ذمہ داری پوری نہیں ہوجاتی بلکہ انتظامیہ کو چاہیے کہ وہ خستہ حال برج کا مرمتی کام فوری طور پر شروع کرائے اور جب تک برج کی مرمت نہیں کی جاتی اس وقت تک برج سے بڑی گاڑیوں کے گزرنے کو روکا جائے ۔ انہوں نے کمشنر سکھر ڈویژن و دیگر بالا حکام سے اپیل کی کہ شکارپور پھاٹک اوور ہیڈ برج کی خستہ حالی کا نوٹس لیکر اس کی مرمت کرائی جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ بڑے نقصان سے بچا جاسکے۔