ٹھٹھہ(نامہ نگار) ٹھٹھہ سجاول روڈ پر شوگر مل کے سامنے علی الصباح پک اپ اور ٹریلر کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں چوہڑ جمالی کے رہائشی مچھلی کا تاجر علی محمد ملاح اور پک اپ ڈرائیور اللہ ڈنو کیہر موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ قاسم داد، گل حسن ملاح، غلام حسین ملاح، ممتاز ملاح، حنیف ملاح اور سلیمان ملاح سمیت گیارہ افراد شدید زخمی ہو گئے۔ زخمیوں اور لاشوں کو سول اسپتال ٹھٹھہ منتقل کیا گیا، تمام افراد مچھلی مارکیٹ ٹھٹھہ سے مچھلی خریدنے آرہے تھے کہ حادثے کا شکار ہو گئے، دریں اثنا حادثے کے بعد ٹریلر ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔ دوسری جانب بگھار موری کے قریب گھوڑاباری سے آنے والی مسافروں سے بھری پک اپ ٹائر برسٹ ہوجانے کے باعث بے قابو ہوکر الٹ گئی جس کے نتیجے میں پک اپ میں سوار دو مسافر سلیم اور انور موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ محمد، شریف، یعقوب، عبالرحمٰن، ابراہیم، علی، جمن، اشرف، گل حسن، غلام حسین، ممتاز، حاجن، خمیسو، حمزہ، رمضان، محمد قاسم سمیت 12 افراد زخمی ہوگئے جنہیں علاج کے لیے سول اسپتال ٹھٹھہ منتقل کیا گیا ہے۔