خیرپورناتھن شاہ(نامہ نگار) تین ہفتے قبل ضلعی ہیڈ کوارٹر کے سول اسپتال میں طبی امداد میں مبینہ تاخیر پر مشتعل ہوکر پولیس ڈریس میں ملبوس اے ایس آ ئی مولا بخش کھوکھر نے ایمرجنسی وارڈ کے انچارج ڈاکٹر وجیہ کمار پر وحشیانہ تشدد کرکے سر ے عام گلے سے پکڑ کر اسپتال میں گھسیٹنے اور تذلیل کرنے کے مقدمہ میں ملوث اے ایس آئی مولا بخش کھوکھر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج دادو جمشید علی اعوان کی عدالت میں ضمانت کرانے کیلئے پہنچے تو عدالت نے ان کی ضمانت کی درخواست مسترد کرنے کے بعد اسے گرفتار کراکر جیل بھیج دیا۔ اطلاعات کے مطابق واقعے کے بعد ملزم روپوش ہوگیا تھا اور پولیس اسے پیٹی بھائی کے ناطے گرفتار نہیں کر رہی تھی جبکہ واقعے کے خلاف سول اسپتال کے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل کے اسٹاف کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ اور ملزم کی گرفتاری کا مطالبہ بھی کیا گیا تھا۔