• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راولپنڈی اسلام آباد میں ن لیگ میں گروپ بندی ، پانچ دھڑے بن گئے

اسلام آباد( ایوب ناصر،خصوصی نامہ نگار) راولپنڈی اسلام آباد کے جڑواں شہروں میں ن لیگ میں گروپ بندی میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، ن لیگ کے پانچ دھڑے واضح نظر آرہے ہیں جو ایک دوسرے کو پارٹی کےلئے خطرناک قرا ر دےرہے ہیں۔ 2013 کے انتخابات میں بھی پاکستان مسلم لیگ کو پارٹی انتشار اور دھڑے بندی کی وجہ سے قومی اسمبلی کی چار اور صوبائی اسمبلی کی 9 نشستوں پرناکامی کا سامنا کرناپڑا۔ سابق وزیراعظم نوازشریف کو نااہل قرار دئیے جانے کے بعد پاکستان مسلم لیگ(ن) دو ورکرز کنونشن منعقد کرچکی ہے۔ فوارہ چوک راولپنڈی میں مریم نواز نے مریم اورنگزیب، حنیف عباسی اور سردار نسیم خان کی قیادت میں خطاب کیا تھا جبکہ دوسرا کنونشن سینیٹر چوہدری تنویر خان کی رہائش گاہ پر منعقد ہوا تھا،دونوں طرف کارکن موجود تھے۔ جمعہ کو سجاد خان نے افطار ڈنر دیا جس میں راجہ ظفر الحق، مصدق ملک، بیگم عشرت اشرف، طارق فاطمی،سینیٹر چوہدری تنویر، شیخ ارسلان حفیظ اور مرزا منصور بیگ نے شرکت کی۔ اس تقریب میں مسلم لیگ (ن) راولپنڈی کے صدر میئر راولپنڈی سردار نسیم، حنیف عباسی، ملک شکیل اعوان کو شرکت کی دعوت ہی نہیں دی گئی تھی۔ بالکل اسی طرح اسلام آباد ہوٹل میں پاکستان مسلم لیگ (ن) اسلام آباد سٹی کے صدر ساجد عباسی کی قیادت میں پریس کانفرنس منعقد ہوئی جس میں بلدیہ اسلام آباد کے دونوں ڈپٹی میئرز اعظم خان او ر ذیشان نقوی کے علاوہ سردار مہتاب، ملک نور اعوان، ملک رب نواز اور اسلام آباد رئیل سٹیٹ کے صدر سردار طاہر محمود بھی موجود تھے۔ اس پریس کانفرنس میں پارلیمانی بورڈ کو درخواست دئیے بغیر ہی این اے54 سے ملک حفیظ الرحمن ٹیپو کو امیدوار بناکر اس کی حمایت کااعلان کیاگیا۔ وزیراعظم کے مشیر کی حیثیت سے خدمات سرانجام دینے والے بیرسٹر ظفراللہ بھی 53 سے امیدوار ہیں جبکہ طارق فاطمی بھی اس حلقے سے امیدوار ہیں۔ سابق رکن قومی اسمبلی انجم عقیل خان بھی نواز شریف ،مریم نواز اور کیپٹن(ر) صفدر کی ہر پیشی پر گاڑی کا دروازہ کھولنے والوں میں شامل ہوتے ہیں۔اپنے حلقہ انتخاب 54 میں کروڑوں روپے کی لاگت سے ایک برساتی نالہ بھی تعمیر کروا رہے ہیں۔وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کے حلقہ انتخاب میں بھی مسلم لیگی ناراض نظر آتے ہیں اور تو او ر ان کے سیکرٹری ملک شجاع الرحمن پارٹی انتخاب کے ایشو پرالیکشن کمشنر کے پاس پٹیشن دائر کرچکےہیں۔ 2013 میں راولپنڈی اسلام آباد سے شکست سے دوچار ہونےوالوں میں چوہدری نثار علی خان، شکیل اعوان، حنیف عباسی، راجہ محمد علی،چوہدری نثار علی خان،چوہدری ایاز، ضیاء اللہ شاہ، سردار نسیم خان اور چوہدری تنویر کے بھائی ملک غلام رضا بھی شامل تھے۔ادھروفاقی دارالحکومت کے حلقہ این اے 53اور54میں مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹوں کی تقسیم پر مقامی قیادت اوربلدیاتی نمائندوں کے انجم عقل خان کے ساتھ اختلافات کھل کر سامنے آگئے۔مقامی قیادت اور(ن)لیگ کے منتخب بلدیاتی نمائندوں نے این اے 54سے مسلم لیگ (ن) کے ممکنہ امیدوارانجم عقیل خان کی مخالفت کرتے ہوئے انہیں مسترد کردیا۔ ان کا کہنا ہے کہ انجم عقیل خان متنازعہ شخصیت ہیں جو2013کے ضمنی انتخابات اور2015کے بلدیاتی انتخابات میں مسلم لیگ ن کے ٹکٹ ہولڈرز کی شکست کا باعث بنے۔اس حوالے سے جمعہ کو مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی میئر اعظم خان،ذیشان علی نقوی، جنرل سیکرٹری مسلم لیگ (ن)وممبر میٹروپولیٹن کارپوریشن ایم ساجد عباسی نے دونوں حلقوں سے اپنے امیدواروں حلقہ این اے 53سے ساجد عباسی ،اوراین اے 54سے سید ذیشان نقوی،حفیظ الرحمان ٹیپو،ملک نور اعوان اورملک ربنوازکے ناموں کا اعلان کر دیا ۔انہوں نے کہا کہ ہم سب اپنے قائد نوازشریف کی قیادت میں متحد ہیں ۔اس موقع پر دودنوں ڈپٹی میئرزسمیت ،ن لیگی چیئر مین ،صدر مسلم لیگ ن جاپان ملک نور اعوان ،یونین کونسل چیئر مین سردار مہتاب،حاجی گلزاز،ملک رضوان ،ذکی خان،،غضنفر خان، عظمت یاسر عباسی ، عبید قریشی، اختر شیخ ،نوید ملک، عرفان کاکا خیل سمیت دیگرعہدیداروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔
تازہ ترین