• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

2018کا الیکشن کرپٹ سیاستدانوں کیلئے یوم احتساب ثابت ہوگا،سراج الحق

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر و متحدہ مجلس عمل پاکستان کے نائب صدر سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ 70سال سے ملک پر امریکی ایجنٹ مسلط ہیں،2018کا الیکشن کرپٹ سیاستدانوں کے لیے یوم احتساب ثابت ہوگا،انتخابات کا التواکسی صورت منظور نہیں ، کرپٹ عناصر کا احتساب متحدہ مجلس عمل ہی کرے گی ،اگر ایک دن کے لیے بھی حکومت ملی تو اسلامی نظام کا نفاذ کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع غربی تحت بنارس چوک پر منعقدہ عوامی دعوت افطار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔عوامی دعوت افطار سے جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن، نائب امیر جماعت اسلامی کراچی محمد اسحاق خان ،ضلع غربی کے امیر عبد الرزاق خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ محمد بن قاسم سندھ میں اسلام کا پیغام لے کر آئے اور راجہ داہر کوشکست دی ۔انہوں نے کہاکہ ہمارے ملک اور عدالتوں میں قرآن کا نظام نافذ کیوں نہیں ہےَ اگر ملک ملک میں قرآن کانظام ہوتا تو پاکستان بنگلہ دیش نہ بنتا ، بد امنی اور بے روزگاری نہ ہوتی ، قرآن کا نظام ہوتا تو غریبوں کے بچے فٹ پاتھ پر نہ ہوتے ، ہمارا پیغام یہی ہے کہ آئیے ہمارے ساتھ مل کر عزم کریں کہ جیئے گے اور مریں گے اور قرآن کا نظام لائیں گے ،انہوں نے کہاکہ 70سا ل ملک پر انگریز کے شاگرد مسلط ہیں ، امریکی ایجنٹوں نے اپنے بنگلوں ، ملز اور کارخانوں میں اضافہ کیا۔ملک میں مرکزی اور صوبائی حکومتیں رخصت ہوئی ہیں مگر سوائے قرض کہ انہوں نے کچھ نہیں چھوڑا انہوں نے کرپشن کی داستانیں چھوڑیں انہوں نے قوم کو وژن نہیں دیا مرکزی حکومت کہتی ہے کہ لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا ہے سارا جھوٹ ہے ، لوڈ شیڈنگ آج بھی جاری ہے ، ،کراچی آج بھی پانی کے لیے ترس رہا ہے ، کراچی کو کربلا میں تبدیل کردیا گیا ہے ،ان کے پاس کوئی منصوبہ نہیں یہ صرف اپنے خزانے میں اضافہ چاہتے ہیں ، ان حکمرانوں نے عوام کو کچھ نہیں دیا ، نام نہاد جمہوری جماعت کہلوانے والوں میں کوئی جمہوریت نہیں ہے ،انہوں نے کہاکہ 2018الیکشن کو عوام کرپٹ سیاستدانوں کے لیے یوم حساب بنائیں گے ، ہم اللہ کو حاضر ناظر جان کر عہد کرتے ہیں کہ پاکستان کو اسلامی اور خوشحال پاکستان بنانے کی جدوجہد کرتے رہیں گے ۔
تازہ ترین