• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
افطار دستر خوان

صائمہ فہیم

ماہ ِرمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی دوست، احباب اور عزیزواقارب کی جانب سے افطار پارٹی میں شرکت کے دعوت نامے ملنا شروع ہوجاتے ہیں،اس ہلکی پھلکی تقریب کو فی زمانہ ’’افطار ڈنر ‘‘ کا نام دے دیا گیا ہے،یعنی افطارکے ساتھ ہی رات کے کھانے کا اہتمام بھی کیا جاتا ہے۔بلاشبہ مسلمان بھائی کو روزہ افطار کروانا عین ثواب ہے ،اسی لیے تقریباً ہر گھر میں ہی ایک افطار پارٹی کا اہتمام ضرور کیا جاتا ہے اور اگر آپ کا بچہ پہلی بار روزہ رکھ رہا ہو تو اس خوشی کے موقعے کو بھی دوست احباب کے ساتھ ضرور شیئر کیا جاتا ہے۔گھر پردی جانے والی ایک بھرپورافطاری کے لیے نت نئے لوازمات کی تیاری خاتون خانہ کے لیے کسی چیلنج سے کم نہیں ہوتی جس میں شامل پکوان کے انتخاب کے لیے ان کا لذیز ہونے کے ساتھ صحت بخش ہونا بھی ضروری ہے،لہذاآپ کی آسانی کے لیےآج ’مڈویک کچن‘ میں چند لذیزپکوان کی تراکیب شامل کی جارہی ہیں، جنہیںاپنی افطارپارٹی میں شامل کر کے مہمانوں سے داد وصول کرسکتی ہیں۔آزمائیے!

نرگسی شامی کباب

افطار دستر خوان

اجزاء

قیمہ آدھا کلو،پیاز دو عدد درمیانہ،لہسن دس جوئے،سرخ مرچ ایک چائے کا چمچ ،ادرک ایک انچ کا ٹکڑا،چنے کی دال تین چوتھائی پیالی ،گرم مسالہ ایک چائے کا چمچ ،سفید زیرہ چائے کا ایک چمچ ،انڈے پانچ عدد (ابلے ہوئے اور چھلے ہوئے)، تیل تلنے کے لیے،ہری مرچ اور ہرا دھنیا ضرورت کے مطابق

ترکیب:

قیمے میں لہسن، پیاز، ادرک، چنے کی دال، گرم مسالہ، سفید زیرہ، نمک مرچ، پانی اور ہرا مسالہ ڈال کر درمیانی آنچ پر گلا لیں،پانی خشک ہو جائے تو قیمے کو گرائنڈ کر لیں،ہتھیلی پر قیمے کی ایک ٹکیہ بنا کر رکھیں،اس میں ابلے ہوئے انڈے کو رکھ کر اس کے گرد قیمہ لپیٹ لیں،باری باری سارے کباب تیار کر لیں،تیل گرم کر یں اور کباب پھینٹے ہوئے انڈے میں ڈبو کر تل لیں،پیش کرنے سے پہلے کبابوں کو دو دو ٹکڑوں میں کر کے ڈش میں سلاد کے پتوں سےسجا ئیں۔

پڈنگ ڈیلائٹ

افطار دستر خوان

ڈبل روٹی کے سلائس 4 عدد، دودھ آدھا لیٹر،پڈنگ ایک پیکٹ ،کریم ایک پیکٹ ،چینی حسب ضرورت،گارنش کے لیے پستہ،بادام،اخروٹ حسب ضرورت، کیرامل حسب ضرورت۔

ترکیب:

سب سے پہلے پڈنگ کے پیکٹ پر لکھی ہوئی ترکیب کے مطابق پڈنگ تیار کریں۔اس میں حسب ضرورت چینی شامل کریں لیکن کیرامل (Caramael) ہر گز شامل نہ کریں۔ ڈبل روٹی کے سلائس کے کنارے کاٹنے کے بعد ان کے چار چار ٹکڑے کاٹیں اور سرونگ ڈش میں ترتیب سے سجا لیں۔ جیسے ہی پڈنگ تیار ہو ،اسے سلائسز پر پھیلا کر ٹھنڈا ہونے کے لئے رکھ دیں۔تھوڑی سی چینی کو باریک پیس لیں اور کریم میں اچھی طرح مکس کر کے پڈنگ کے اوپر چاروں طرف ڈال دیں۔سرو کرنے سے پہلے پستے، بادام، اخروٹ اور کیرا مل سے گارنش کریں۔

چکن بریڈ رول

افطار دستر خوان

اجزاء :

چکن ( بون لیس ) 500گرام،آلو (ابلے ہوئے ) 2 عدد،بند گوبھی ( باریک کٹی ہوئی) ایک چھوٹا پھو ل،شملہ مرچ (باریک کٹی ہوئی ) ایک عدد،گاجر (کش کی ہوئی) ایک پیالی،نمک حسبِ ذائقہ ،کالی مرچ (پسی ہوئی ) 2چائے کے چمچ،ہری مرچ ( پسی ہوئی ) ایک چائے کا چمچ،سویا ساس 2کھانے کے چمچ،انڈے 2عدد،سینڈ وچ بریڈ ایک عدد۔

ترکیب :

سب سے پہلے چکن کو اچھی طرح دھو کر ایک پین میں نمک ،کالی مرچ اور تھوڑا سا پانی ڈال کر ابلنے کے لیے رکھ دیں ۔ چکن میں صرف اتنا پانی شامل کریں کہ گوشت گلنے تک خشک ہو جائے ۔ اب ایک پین میں پانی ابالیں اور اس میں سبزیاں ڈال کر صرف دو منٹ تک پکائیں اور پھر پانی سے نکال کر چھلنی میں ڈال دیں تاکہ ان کا سارا پانی نکل جائے ۔ جب تک سبزیاں ٹھنڈی ہوں آپ ایک بڑے پیالے میں ابلے ہوئے آلو میش کریں اور تمام سبزیاں اس میں شامل کر دیں ۔ جب چکن اچھی طرح گل جائے اور اس کا پانی بھی خشک ہو جائے تو اس کے باریک ریشے کر کے اسے بھی سبزیوں کے پیالے میں شامل کر دیں اور سویا ساس اور ہری مرچیں ڈال کر تمام چیزیں اچھی طرح مکس کریں ، رولز کا آمیزہ تیار ہے ۔ رولز تیار کرنے کے لئے پہلے کٹنگ بورڈ پر سلائس رکھیں اور تیز چھری کی مدد سے ان کے کنارے کاٹ لیں ۔ پھر سلائسز کو پانی سے گیلا کریں اور دباکر فالتو پانی نکال دیں پھر اس میں چکن اور سبزیوں کا آمیزہ رکھ کر احتیاط سے رول کریں تاکہ وہ ٹوٹنے نہ پائیں ۔ ایک پیالے میں دو انڈے ،چٹکی بھر نمک اور کالی مرچوں کے ساتھ پھینٹیں اور رولز کو انڈے میں ڈبو کر تل لیں ۔ مزیدار چکن بریڈ رول تیار ہیں ۔

بریڈ پیزا

افطار دستر خوان

اجزاء:

ڈبل روٹی کے سلائس آٹھ عدد،سبزی یا چکن ڈیڑھ کپ ابلی ہوئی،کالی مرچ پسی ہوئی آدھا چائے کا چمچ،نمک آدھا کھانے کا چمچ،سویا ساس ایک کھا نے کا چمچ،کیچپ دو کھانے کے چمچ،مایونیزدو بڑے چمچ

پنیرایک کپ (کش کیا ہوا)۔

ترکیب:

ابلی ہوئی سبزی یا چکن میں کالی مرچ ،سویا ساس،کیچپ اور مایونیز اچھی طرح ملا لیں اور سلائس پر فلنگ پھیلا لیں ،تمام سلائس اسی طرح تیار کر یں اورپھر ان پر کش کیا ہوا پنیر چھڑک دیں۔پہلے سے گرم اوون میںرکھ دیں ۔دس منٹ کے لئے بیک کریں ۔بریڈ پیزا تیار ہے ۔

چکن پکوڑے

افطار دستر خوان

اجزاء۔

چکن 250 گرام،انڈےدو عدد،بیسن دو کھانے کے چمچ،پسی ہوئی سرخ مرچ ایک چائے کا چمچ،کٹی ہوئی ہری مرچ دو عدد،ہلدی ایک چوتھائی چائے کا چمچ،بیکنگ پاؤڈرآدھا چائے کا چمچ،نمک ایک چائے کا چمچ،کٹا ہرا دھنیا حسب ضرورت،چاٹ مسالہ آدھا کھانے کا چمچ،باریک کٹی ہری پیازآدھا کپ

ترکیب۔

بیسن، بیکنگ پاؤڈر، پسی ہوئی سرخ مرچ، ہلدی، نمک، پانی، باریک کٹی چکن، کٹی ہری مرچ اور کٹا ہرا دھنیا ڈال کر ایک پیالے میں مکس کر کے 30 منٹ کے لیے رکھ دیں۔ اب پین میں تیل گرم کر کے اس کو پکوڑے کی شکل میں خستہ اور گولڈن ہونے تک فرائی کر لیں۔

قلفہ کریم فروٹ چاٹ

افطار دستر خوان

اجزاء:

قلفہ آئس کریم آدھا لیٹر،فروٹ کوکٹیل ایک عدد،کریم ایک پیکٹ،لال جیلی ایک پیکٹ،چینی چار کھانے کے چمچ پسی ہوئی،بادام، پستے ایک کپ باریک کٹے ہوئے

ترکیب:

سب سے پہلے لال جیلی میں دو کپ پانی ڈال کر پکالیں، اب اسے فریج میں رکھ کر ٹھنڈا کرکے ٹکڑے کرلیں۔ایک برتن میں قلفہ آئس کریم، پسی چینی اور کریم کو مکس کرلیں۔پھر اس میں فروٹ کوکٹیل اور جیلی شامل کریں، اوپر بادام، پستے ڈال کر دو گھنٹے کے لئے فریج میں رکھ دیں۔قلفہ کریم فروٹ چاٹ تیار ہے۔

پودینہ فریش لائم

افطار دستر خوان

اجزاء:

سوڈا واٹر ایک بوتل،کٹی ہوئی کالی مرچ ایک چٹکی،برف ایک پیالی،پودینے کی پتیاں ایک پیالی،براؤن چینی ایک کھانے کا چمچ،کالا نمک آدھا چائے کا چمچ،لیموں کا رس چار کھانے کے چمچ،پودینے کے پتے سجانے کے لیے

ترکیب:

بلینڈر میں تمام اجزاءیکجان کرلیں، گلاس میں ڈالیں اور پودینے کے پتوں سے سجا کر پیش کریں۔

تازہ ترین