اسٹار امریکی ٹینس کھلاڑی سرینا ولیمز انجری کےباعث ان فٹ ہو کر فرینچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے میچ سے دستبردار ہوگئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق36سالہ ولیمز کا آج ٹورنامنٹ کے چوتھے رائونڈ میں ماریہ شراپووا سے مقابلہ تھا اور تقریباً ڈھائی سال کے لمبے عرصے بعد آج تاریخی مقابلے میں ولیمز نے شراپووا کا سامنا کرنا تھا جس کا ٹینس شائقین کو بیحد انتظار تھا تاہم انجری کے باعث اب ان کا میچ ختم کردیا گیا ہے۔
ولیمز کا کہنا ہے کہ انہیں انجری کا اندازہ فرینچ اوپن کے تیسرے رائونڈ کے میچ میں ہوگیا تھا جس میں انہوں نے جولیا جارجز سے میچ جیت لیا تھا تاہم گزشتہ روز ڈبلز میچ کے دوران ان کی انجری مزید خطرناک ہوگئی تھی۔
سرینا نے بتایا کہ وہ کل اپنا ایم آر آئی اسکین کرائیں گی جس کے بعد معلوم ہوگا کہ وہ ٹورنامنٹ میں کھیل سکتی ہیں یا نہیں لیکن ومبلیڈن ٹورنامنٹ میں ان کی شرکت پر اب سوالیہ نشان ہے جو 4ہفتوں میں شروع ہورہا ہے۔
فرینچ اوپن ٹینس میں سرینا ولیمز کے دستبردار ہونے کے بعد ماریہ شراپووا کو کوارٹر فائنلز میں فری انٹری مل گئی ہے جہاں ان کا مقابلہ ’گاربین موگوروزا‘ یا ’لیسیا ٹوسورینکو ‘میں سے کسی ایک سے ہوگا اور یہ دونوں کھلاڑی اب سے کچھ دیر بعد ٹورنامنٹ میں آمنے سامنے ہوں گے۔
واضح رہے کہ سرینا ولیمز اپنی بیٹی کی پیدائش کے 16ماہ بعد پہلے گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ میں حصہ لے رہیں تھیں۔