• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

ماہِ صیام کی الوداعی اتوار اور افطار دستر خوان

ماہِ صیام کی الوداعی اتوار اور افطار دستر خوان

اللہ کے پیارے بندے رحمتوں، برکتوں کا خوان سمیٹتے ہوئے،اب ماہِ صیام کے آخری عشرے کی مبارک ساعتیں گزار رہے ہیں۔ ہلالِ عید نظر نہ آنے کی صورت میں، ممکن ہے اگلا جمعہ، جمعۃالوداع ہو، لیکن یہ اتوار، بہرحال ماہِ رمضان کا آخری اتوار ہے، جس میں سب مل جُل کر افطار کریں گے کہ پھر تو عید کے بعد معمولاتِ زندگی وہی اپنی ڈگر پر لوٹ آئیں گے۔ تو اس خاص اتوار کے خاص اہتمام کے لیے کچھ تراکیب حاضرِ خدمت ہیں۔

کچوریاں

اجزاء:قیمہ آدھا کلو، میدہ ایک کلو، میٹھا سوڈا ایک چائے کا چمچ، اجوائن آدھا چائے کا چمچ، نمک حسبِ ذائقہ، ادرک، لہسن کا پیسٹ ایک کھانے کا چمچ، پیاز(باریک کاٹ لیں)دو عدد، لال مرچ(پِسی ہوئی)ایک چائے کا چمچ، ثابت دھنیا ایک کھانے کا چمچ، کالی مرچ(پِسی ہوئی)آدھا چائے کا چمچ، سفید زیرہ ایک چائے کا چمچ، ہری مرچیں(باریک کٹی ہوئی)تین سے چار عدد، ہرا دھنیا ایک گڈی، لیموں کا رس دو کھانے کے چمچ اور تیل۔

ترکیب:سب سے پہلے قیمہ دھو کر چھلنی میں رکھ دیں۔پھر میدے میں نمک، میٹھا سوڈا ،اجوائن اور چار کھانے کے چمچ تیل ڈال کر اچھی طرح گوندھ لیں-پھر ململ کے گیلے کپڑے میں لپیٹ کر دس سے پندرہ منٹ کے لیے رکھ دیں- اب تیل گرم کریں اور اس میں قیمہ، ادرک، لہسن کا پیسٹ، کالی مرچ اور لال مرچ ڈال کر اتنی دیر پکائیں کہ قیمے کا اپنا پانی خشک ہوجائے-پھر ثابت دھنیا اور زیرہ ڈال کر دو سے تین منٹ تک مزید بھونیں-پھر چولھے سے اُتار کر اس میں پیاز، ہری مرچیں، ہرا دھنیا اور لیموں کا رس شامل کرکے، ٹھنڈا ہونے کے لیے رکھ دیں-کچوریوں کے لیے آٹے کے پیڑے بنائیں اور ہاتھ گیلا کر کے پیڑے کو ذرا سا پھیلالیں-ہر پیڑے میں ایک ایک چمچ قیمہ بَھر کر اچھی طرح بند کردیں اور دس سے پندرہ منٹ کے لیے فریج میں رکھ دیں-کڑاہی میں تیل گرم کریں اور کچوریوں کو گولڈن براؤں ہونے تک ڈیپ فرائی کریں-

ڈبل میٹ کباب

اجزاء:گائے کا قیمہ ایک پاؤ، چکن قیمہ ایک پاؤ ، کالی مرچ(کُٹی ہوئی)ایک کھانے کا چمچ، سفید زیرہ(کُٹا ہوا) ایک چائے کا چمچ، دھنیا (کُٹا ہوا)ایک چائے کا چمچ، ادرک، لہسن کا پیسٹ ایک کھانے کا چمچ، ہری مرچ(کُٹی ہوئی)چار سے پانچ عدد، ہرا دھنیا آدھی گڈی، پودینا آدھی گڈی، ڈبل روٹی کا چورا چار کھانے کے چمچ،انڈا ایک عدد، نمک حسبِ ذائقہ اور تیل۔

ترکیب:گائے اور چکن کا قیمہ دھو کر چھلنی میں رکھ دیں، تاکہ پانی خشک ہوجائے۔پھر ایک باؤل میں قیمہ ڈالیں اور ساتھ ہی تمام مسالاجات شامل کر کے اچھی طرح مکس کرلیں۔ اب اس میں ڈبل روٹی کا چورا اور انڈا بھی مکس کردیں۔ ہاتھوں پر تیل لگا کر کباب بنائیں اور10سے15منٹ کے لیے فریج میں رکھ دیں۔پھر تیل گرم کرکے کباب فرائی کرلیں۔کیچپ کے ساتھ افطار میں کھائیں۔

گول گپے

گول گپے کے اجزاء:میدہ ایک کپ اور تیل ایک کھانے کا چمچ۔

فلنگ کے لیے اجزاء: آلو(اُبلے ہوئے)ایک کپ اور کابلی چنے(اُبال لیں) ایک کپ۔ان دونوں کو معمولی سا نمک ڈال کر مکس کرلیں اور ایک جانب رکھ دیں۔

کھٹےمیٹھے پانی کے اجزاء اور ترکیب: املی(2سے3گھنٹےتک بھگودیں) حسبِ ضرورت، چینی ایک کپ، لیموں دو عدد، سُرخ مرچ پاؤڈر آدھا چائے چمچ، نمک حسبِ منشاء، پودینے کا پیسٹ دو کھانے کے چمچ اورسفید زیرہ(بھون لیں)ایک چائے کاچمچ۔پہلےاملی کا گُودا نکال لیں۔اب ایک پتیلی میں املی کا گاڑھا پانی اور تمام اجزاء مکس کرکے،ہلکا سا جوش دیں۔ٹھنڈا ہونے پر4سے5گلاس پانی ڈال کے کھٹاس بنا لیں۔

ترکیب:میدے میں تیل ملا کر پانی کے ساتھ سخت گوندھ لیں۔ اور پھر اس کی پتلی سے روٹی بیل کے کٹر سے گول گول کاٹ لیں۔یہ گول ٹکڑے ایک ٹرے میں رکھیں اور گیلے ٹھنڈے کپڑے سے ڈھانپتے جائیں۔پھر تیل گرم کرکے انھیںفرائی کرلیں۔ اگر کوئی گول گپا پُھولے نہیں، تو اُسے پاپڑی کے طور پر استعمال کرلیں،ضایع نہ کریں۔ افطار سے قبل گول گپوں کو تھوڑا سا توڑ کے اس میں آلو اور چنے بَھردیں اور کھٹاس کے ساتھ دستر خوان پر رکھ دیں۔

وان ٹان

اجزاء:چکن(بون لیس)ایک پاؤ، نمک حسبِ ضرورت، کالی مرچ ایک چائے کا چمچ، سرکہ ایک چائے کا چمچ، سویا سوس ایک چائے کا چمچ، چلی سوس ایک چائے کا چمچ، سموسہ پٹّی دس عدد اور انڈا(پھینٹ لیں)ایک عدد۔

ترکیب:چکن اُبال کر ریشے کرلیں۔پھر اس میں چار چمچ تیل، نمک،کالی مرچ، سویا سوس،چلی سوس اور سرکہ ڈال کر دو منٹ تک پکا کر اُتارلیں۔اب سموسہ پٹّی کو تین انچ کا چوکور پیس بنالیں اور اُس کے درمیان چکن کا آمیزہ رکھ کے دو سائیڈز پر انڈا لگا کے اور بند کردیں،پھر جو شیپ دینی ہے، وہ دے کر فرائی کرلیں۔

(صنوبر اسلم، جہلم)

تازہ ترین
تازہ ترین