نیویارک ( جنگ نیوز ) معروف امریکی میگزین فوربز نے سب سے زیادہ معاوضہ وصول کرنے والے کھلاڑیوں کی فہرست جاری کر دی ہے جس میں سابق امریکی باکسر فلائڈ مے ویدر پہلے نمبر پر ہیں ۔ میگزین نے بھاری بھر کم معاوضوں کے علاوہ کارکردگی کے مطابق دنیا بھر کے ایتھلیٹس کی رینکنگ بھی کی ہے ۔ پہلی پوزیشن حاصل کرنیوالے سابق امریکی باکسر مے ویدر نے جون 2017سے جون2018کے دوران285 ملین ڈالرکے درمیان معاوضہ، اشتہارات اور بونس کی مد میں کمائی کی۔ فہرست میں دوسرے نمبرپر ارجنٹائن کے فٹبالر لیونل میسی ہیں جنہوں نے ایک سال کے دوران111 ملین ڈالرز سمیٹے۔ تیسرا نمبر پرتگال کے مایہ ناز فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کا ہے جو جون 2017 سے جون 2018 کے دوران108 ملین ڈالرزکما پائے۔ آئرش مارشل آرٹسٹ کونر مک کروگر اس فہرست میں99 ملین ڈالر کیساتھ چوتھے نمبر پر ہیں۔ معروف برازیلی فٹبالر نیمار 90 ملین ڈالر کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں ۔ ٹینس کی دنیا کے لیجنڈ سوئس اسٹار راجر فیڈرر ایک سال کے دوران77.2 ملین ڈالرز کما کر ساتویں نمبر ہیں ۔ فہرست میں گالفر ٹائیگر ووڈز، ریسر لیوئس ہملٹن،ٹینس اسٹار رافیل نڈال سمیت دنیا بھر سے کئی کھلاڑی شامل ہیں۔ فہرست میں کرکٹ کی نمائندگی بھارتی کپتان ویرات کوہلی کر رہے ہیں جو 31.5 ملین ڈالر سالانہ آمدنی کے ساتھ 83ویں نمبر پر ہیں۔