پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ پرویز مشرف پاکستان نہیں آئیں گے۔
عدالت کی جانب سے پرویز مشرف کو پیش ہونے کے حکم پر پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے پنوں عاقل میں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پرویز مشرف پاکستان نہیں آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کالا باغ ڈیم کے خلاف تین صوبوں نے قراردادیں پاس کی ہوئی ہیں، کالا باغ ڈیم کا معاملہ سی سی آئی کا ہے، اسے وہاں ہی حل ہونا چاہیے، عدالت کو بھی چاہیے وہ کالا باغ ڈیم کا معاملہ سی سی آئی میں ہی حل ہونے دے، کالا باغ ڈیم کے معاملے پر وفاق کو نئے چیلنجز درپیش ہوں گے۔
خورشید شاہ کا کہنا تھاکہ شفاف الیکشن نہ ہوئے تو ملک کے لیے نقصان دہ ہوگا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ مارشل لاء کوئی نہیں لگا سکتا، چیف جسٹس نے بھی کہا ہے ان کی بات کا یقین کرنا چاہیے۔
پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ اس بات کا قوی امکان ہے کہ الیکشن کا انعقاد اپنے مقررہ وقت پر ہی ہوگا۔