• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
عید پر کیسا ہونا چاہیے پرفیکٹ میک اپ لُک

رمضان تیزی سے اپنے اختتام کی جانب گامزن ہے، ہر ایک عید کی تیاریوں میں مصروف ہے ۔عید کا تہوار خوشیوں کی سوغات لے کر آتاہے،شیر خورمے سے لے کر عید کی دعوتوں تک ہر ایک چیز کا خیال رکھناخواتین کی ذمہ داریوں میں شامل ہے ۔لیکن ان ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ بنا ؤ سنگھار اور عید پر سب سے زیادہ خوبصورت نظر آنے کی خواہش ہر عورت کی ہوتی ہے، اسی خواہش کی تکمیل کے لیے عید سے کئی کئی دن قبل مہندی ،چوڑیاں ،میک اپ ،کپڑے اور جوتوں وغیرہ کی شاپنگ شروع کردی جاتی ہے،وہ کہتے ہیں نا شوق کا کوئی مول نہیں ہوتا۔ 

عید ایک ایسا تہوار ہےجس پر جو خواتین میک اپ کا استعمال نہیں کرتی وہ بھی کرنا پسند کرتی ہیں ۔تاہم گرمیوں میں میک اپ کرنا آسان نہیں ہوتا ۔موسم گرما میں آئی شیڈو کےلیے رنگوں کا انتخاب ،بلش آن اور کنٹورنگ کا استعمال ایک فن ہے جس کےلئے خواتین اکثر پریشان نظر آتی ہیں۔تاہم موسم گرما کی اس عید پر آپ کا پرفیکٹ میک اپ لک کیسا ہونا چاہیے، آئیے اس پر کچھ بات کرتے ہیں۔

عید پر کیسا ہونا چاہیے پرفیکٹ میک اپ لُک

سوفٹ آئی میک اپ

موسم گرما میں آئی شیڈو کے رنگوں کا انتخاب بھی اہم ترین مرحلہ ہے ۔میڈیم یا لائٹ آئی شیڈو کا استعمال دن کی تقریبا ت کے لیے بہترین ہے ۔عید کے دن دوپہر کے وقت آپ پیچ (Peach) پنک (Pink) اور بیج (Beige) جیسے رنگوں کو آزماسکتی ہیں۔ ان دنوں خواتین میں چونکہ ’اسموکی‘ آئی میک اپ زیادہ مقبول ہے تو آنکھ کے کونے پر لائٹ اسموکی ٹچ دیا جاسکتا ہے ،اسموکی ٹچ کے لیے بلیک اور براؤن شیڈ کو مکس کرکے اپلائی کیا جاسکتا ہے لیکن موسم گرما میں اسموکی آئی میک اپ نہ کیا جائے تو زیادہ بہتر ہے۔

آنکھوں کے لیے ونگڈلائنر اسٹائل بہترین ہے۔اس اسٹائل کے ذریعےآپ کی آنکھ کا نقش مختلف اور بڑا لگنے لگتا ہے جوآنکھوں کی خوبصورتی میں اضافہ کردیتا ہے۔ عید پر کچھ مختلف لک دینے کے لیے لائنر کے اوپر گلیٹر لائن کا اضافہ کریں ۔آنکھوں کو بڑا اور فریش لک دینے کے لئےکاجل کے طور پر وائٹ لائنر کا استعمال کیا جاسکتا ہے۔

نومیک اپ لُک

اس عید پر بھی نیچرل میک اپ لُک ’اِن‘ رہے گا جو موسم کے لحاظ سے بھی انتہائی موزوں ہے۔گہرے رنگ کے آئی شیڈو کا استعمال ،ڈارک کونٹورنگ اور بیس کی موٹی تہیں آپ کی قدرتی خوبصورتی کو ختم کرسکتی ہیں، یہی وجہ ہے کہ آج کل خواتین نومیک اپ لُک (No Makeup Look) زیادہ پسندکرتی ہیں۔ اس عید پر آپ کونیچرل میک اپ لک کے ساتھ تیار ہونا چاہیے۔

نیچرل بیس یا بی بی کریم

موسم گرما میں بیس کی موٹی تہیں بنانے سے گریز کریں ،اگر آپ بیس کی شوقین ہیں تو نیچرل بیس کا استعمال کریں جو آپ کے چہرے پر زیادہ نمایاں نہ ہو اور آپ کے چہرے کو نیچرل میک اپ فراہم کرے ۔دوسری جانب نیچرل میک اپ لُک کے لیے خواتین میں بی بی کریم (BB Cream) کا استعمال ان دنوں کا فی مقبول ہے۔ یہ کریم جلد کو دیر تک ترو تازہ رکھتی ہے، آپ بھی اپنی جلد کے مطابق کوئی میعاری بی بی کریم لے سکتی ہیں۔ اگر آپ بیس نہیں لگانا چاہتیں تو صرف کومپیکٹ پاؤڈر کااستعمال ہی کافی ہے۔

فاؤنڈیشن کا کم استعمال

عید پر بالخصوص موسم گرما کے تہواروں میں فاؤنڈیشن کم سے کم استعمال کریں، اگر آپ کی جلد اچھی ہے تو صرف کنسیلر کا استعمال ہی آپ کی جلد کے لیے بہترین ہے۔ اس کے علاوہ آئل فری اور میٹ پرائمر کا استعمال بھی جلد کوملائم اور ریشمی تاثر بخشنے میں کامیاب ہوسکتا ہے ۔گرمیوں میں موئسچرائزر کی ہلکی تہہ کا استعمال کیا جائے ۔

برونزرلگائیں

میک اپ آرٹسٹ برونزر کو میک اپ کی جادوئی پراڈکٹ کے طور پر پسند کرتے ہیں۔یہ چہرے کے خطوط کو ابھارتا ہےاوراسے پورے چہرے پرباآسانی لگایاجاسکتا ہے ۔ جو خواتین پورے چہرے پر برونزر لگانا نہیں چاہتی وہ اسے صرف رخساروں پر بھی لگا سکتی ہیں۔اگر آپ کو عید پر بیس کا استعمال نہیں کرنا تولائٹ پیچ یا پیسٹل پنک رنگ کے برونزر کا استعمال لازمی کریں۔ان رنگوں کے برونزر کااستعمال آپ کی جلد کے دمکنے میں بھی مدددگار رہے گا۔

بلش آن

گرمیوں میں گہرے بلش آن شیڈز کے استعمال سے گریز کریں، اس کے بجائے گلاب کے پھول جیسے شیڈ کا بلش آن یا پنک کے دوسرے شیڈز کا استعمال بہترین ہے۔

لپ اسٹک کاا نتخاب

لپ اسٹک کا انتخاب آپ کے میک اپ پر منحصر ہےشام کی تقریبات ہوں اور آپ کا آئی میک اپ لائٹ ہوتو نسبتاََ گہرے رنگ کے لپ اسٹک شیڈز کا استعمال بہترین ہے، البتہ دن کی تقریبات میں پیچ، پنک اور ٹی پنک جیسے لپ کلرزاچھے لگتے ہیں۔ آپ ایک ہی شیڈ میں لپ سٹک لگانے کی بجائے 2یا 3شیڈز ملاکر بھی کوئی منفرد شیڈ بناسکتی ہیں۔

تازہ ترین