مسلم لیگ ن عام انتخابات کے لیے پارٹی ٹکٹ حاصل کرنے والے امیدواروں کے ناموں کا دو مراحل میں اعلان کرے گی جب کہ چوہدری نثار کو ٹکٹ دینے کے معاملے پر نواز شریف اور شہباز شریف کے درمیان اختلاف پایا جاتا ہے۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے تاحیات قائد نواز شریف چوہدری نثار کو ٹکٹ نہ دینے پر قائم ہیں ، جبکہ انہیں ٹکٹ دینے کے حوالے سے تجویز سامنے آئی ہے کہ اگر چوہدری نثار کی جانب سے ٹکٹ کی درخواست نہ آئی تو انہیں ٹکٹ جاری نہیں کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کی قیادت کی جانب سے چوہدری نثار کی جگہ درخواست دینے والوں کو ٹکٹ جاری کرنے پر غور کیا گیا جب کہ اس حوالے سے پارٹی صدر شہباز شریف اور پارٹی کے قائد نواز شریف کے درمیان اختلاف موجود ہے۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کی جانب سے 2 مرحلوں میں پارٹی امیدواروں کا اعلان کیا جائے گا اور پہلے مرحلے میں 10 جون کو بعض امیدواروں کے نام سامنے لائے جائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ 70 فیصد ٹکٹ پرانے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کو دیے جائیں گے اور بعض پارٹی رہنماؤں کے خلاف مقدمات کی وجہ سے متبادل امیدوار رکھے جائیں گے جب کہ بعض حلقوں سے 3 سے 4 کورنگ امیدوار ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق شہباز شریف اور مریم نواز کے 3 حلقوں سے الیکشن لڑنے کی تجویز سامنے آئی ہے جب کہ مریم نواز کو کراچی سے بھی الیکشن لڑانے کی تجویز ہے۔