• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر ، شیعہ تنظیموں کی جانب سے یوم القدس کے موقع پر ریلی کا انعقاد

سکھر (بیورو رپورٹ) شیعہ علماء کونسل، مجلس وحدت مسلمین سمیت دیگر شیعہ تنظیموں کی جانب سے جمعتہ الوداع یوم القدس کے موقع پر ریلیاں نکالی گئیں، شیعہ علماء کونسل کی جانب سے مرکزی امام بارگاہ سے ضلعی جنرل سیکریٹری مولانا ریاض حسین روحانی کی قیادت میں ریلی نکالی گئی جبکہ حیدری مسجد پرانا سکھر سے نکالی گئی ریلی کی قیادت مولانا علی بخش سجادی ، ایم ڈبلیو ایم کے چوہدری محمد اظہرحسین ودیگر نے کی، ریلیوں میں خواتین اور بچے بھی موجود تھے۔ ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں بینر اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے، جن پر فلسطین کی آزادی، اسرائیل اور امریکا سمیت اسلام دشمن قوتوں کے خلاف نعرے درج تھے، ریلی کے شرکاء نے امریکا اور اسرائیل کے جھنڈے بھی نذر آتش کئے اور مختلف شاہراہوں پر گشت کرنے کے بعد سکھر پریس کلب کے سامنے دھرنا دیا۔ جبکہ شیعہ رابطہ کونسل، جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن ، جعفریہ یوتھ، آئی ایس او ، اصغریہ آرگنائزیشن، پیام ولایت فاؤنڈیشن ضلع سکھر کی جانب سے بھی ریلیاں منعقدکی گئیں۔ریلیوں کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ بیت المقدس مسلمانوں کا قبلہ اول ہے، ایک لاکھ 24ہزار انبیاء کے قبلہ بیت المقدس پر اسرائیل نے ناجائز قبضہ کیا ہوا ہے، فلسطین میں مسلمانوں پر تشدد، جارحیت، بربریت، اور ظلم وستم کے پہاڑ ڈھائے جارہے ہیں، ہم اس دہشتگردی کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔
تازہ ترین