• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تمام جہانوں کے رب کا شکر، جس نے صحت ، تندرستی ، عزت اور ایمان کیساتھ زندگی عطا فرمائی ،اور توفیق دی کہ زندگی کے ابتدائی ایام سے اب تک قرآ ن کریم سے تعلق اور وابستگی قائم ہے ۔ اس رمضان المبارک میں قرآن حکیم و فرقان حمید کے مطالعہ کے دوران بہت سی ایسی آیات کو بار بار پڑھنے اور ان پر غور کرنے کا موقع ملا جن سے معلوم ہوا کہ مشیت ایزدی کیا ہے ۔ اللہ جو تمام کائنات کو سنبھالے ہوئے ہے، اُس کے سوا کوئی خدا نہیں ہے۔ وہ نہ سوتا ہے اور نہ اُسے اُونگھ آتی ہے۔ زمین اور آسمانوں میں جو کچھ ہے ، اُسی کا ہے ،اور اس کی معلومات میں سے کوئی چیز ان کی گرفت ِادراک میں نہیں آسکتی، اِلاّ یہ کہ کسی چیز کا علم وہ خود ہی اُن کو دینا چاہے۔ رب العالمین جس کا کوئی شریک نہیں اور وہ ہر چیز سے بے نیاز ہے ۔ وہ جس کو چاہتا ہے عزت اور ذلت دیتا ہے اور جس کو چاہتا ہے ہدایت دیتا ہے اور ان لوگوں کو سیدھا رستہ دکھاتا ہے جو اس کی طرف رجوع کرتے ہیں ، پھر جب کوئی انسان کسی چیز کو کرنے کا عزم کرکے اس پر توکل کرتا ہے تو اللہ بھی اس پر توکل کرنے والوں سے محبت کرتا ہے۔ کچھ ایسی منتخب آیات کا ترجمہ میں آج کے کالم میں اپنے قارئین سے شیئر کر رہا ہوں تاکہ ہم خدا تعالیٰ پر اپنے ایمان اور توکل کو اور زیادہ مضبوط کر سکیں۔
-oسورۃ البقرۃ آیت نمبر 117میں فرمایا :وہی آسمانوں اورزمین کا پیدا کرنیوالا ہے۔ جب کوئی کام کرنا چاہتا ہے تو اس کو ارشاد فرما دیتا ہے کہ ہو جائے تو ہو جاتا ہے ۔
-oسورۃ البقرۃ آیت نمبر :213 اور خدا جس کو چاہتا ہے بیشمار رزق دیتا ہے اور جس کو چاہتا ہے سیدھا راستہ دکھاتا ہے۔
-oسورۃ البقرۃ آیت نمبر :247اور خدا کو اختیار ہے جسے چاہے بادشاہی بخشے اور بڑا وسعت والا اور دانا ہے۔
-oسورۃ البقرۃ آیت نمبر :269وہ جس کو چاہتا ہے دانائی بخشتا ہے اور جس کو دانائی ملی بیشک اس کو بڑی نعمت ملی اور نصیحت تو وہی لوگ قبول کرتے ہیں جو عقلمند ہیں۔
-oسورۃ آل عمران آیت نمبر :6وہی تو ہے جو ماں کے پیٹ میں جیسی چاہتا ہے تمہاری صورتیں بناتا ہے ، اس غالب حکمت والے کے سوا کوئی عبادت کے لائق نہیں ۔
-oسورۃ آل عمران آیت نمبر :74,73یہ بھی کہہ دو کہ بزرگی خدا ہی کے ہاتھ میں ہے وہ جسے چاہتا ہے دیتا اور اور خدا کشائش والا اور علم والا ہے ۔ وہ اپنی رحمت سے جس کو چاہتا ہے خاص کر لیتا ہے اور خدا بڑے فضل کا مالک ہے۔
-oسورۃ النسا ء آیت نمبر :28,27,26خدا چاہتا ہے کہ اپنی آیتیں تم پر کھول کھول کر بیان فرمائے اور تم کو اگلے لوگوں کے طریقے بتائے اور تم پر مہربانی کرے اور خدا جاننے والا اور حکمت والاہے oاور خدا تو چاہتا ہے کہ تم پر مہربانی کرے اور جو لوگ اپنی خواہشوں کے پیچھے چلتے ہیں وہ چاہتے ہیں کہ تم سیدھے رستے سے بھٹک کر دُور جا پڑوoخدا چاہتا ہے کہ تم پر سے بوجھ ہلکا کرے اور انسان طبعاً کمزور پیدا ہوا ہےo
-oسورۃ الاانعام آیت نمبر :126تو جس شخص کو خدا چاہتا ہے کہ ہدایت بخشے اسکا سینہ اسلام کیلئے کھول دیتا ہے اور جسے چاہتا ہے کہ گمراہ کرے اسکا سینہ تنگ اور گُٹھا ہوا کر دیتا ہے گو یا وہ آسمان پر چڑھ رہا ہے اس طرح خدا ان لوگوں پر جو ایمان نہیں لاتے عذاب بھیجتا ہے۔
-oسورۃ الاانعام آیت نمبر :134اور تمہارا پروردگار بے پرواہ اور صاحب رحمت ہے اگر چاہے تو اے بندو ، تمہیں نابود کردے اور تمہارے بعد جن لوگوں کو چاہے تمہارا جانشین بنا دے جیسا تم کو بھی دوسرے لوگوں کی نسل سے پیدا کیاہے۔
-oسورۃ یونس آیت نمبر :107اور اگر خدا تم کو کوئی تکلیف پہنچائے، تو اس کے سوا اس کا کوئی دور کرنیوالا نہیں۔ وہ اپنے بندوں میں سے جسے چاہتا ہے فائدہ پہنچاتا ہے اور وہ بخشنے والا مہربان ہے۔
-oسورۃ ہود آیت نمبر :107بیشک تمہارا پروردگار جو چاہتا ہے کردیتا ہے۔
-oسورۃ الرعد آیت نمبر :39خدا جس کو چاہتا ہے مٹا دیتا ہے اور جس کو چاہتا ہے قائم رکھتا ہے اور اسی کے پاس اصل کتاب ہے۔
-oسورۃ النحل آیت نمبر :40جب ہم کسی چیز کا ارادہ کرتے ہیں تو ہماری بات یہی ہے کہ اس کو کہہ دیتے ہیں کہ ہو جاتو وہ ہو جاتی ہے۔
-oسورۃ النحل آیت نمبر :93اور اگر خدا چاہتا تو تم سب کو ایک ہی جماعت بنا دیتا لیکن وہ جسے چاہتا ہے گمراہ کرتاہے اور جسے چاہتا ہے ہدایت دیتا ہے اور جو عمل تم کرتے ہو اُس دن اُنکے بارے میں تم سے ضرور پوچھا جائے گا۔
-oسورۃ بنی اسرائیل آیت نمبر:87,86اور اگر ہم چاہیں تو جو کتاب ہم تمہاری طرف بھیجتے ہیں اسے دلوں سے محو کردیں۔ پھر تم اس کیلئے ہمارے مقابلے میں کسی کو مدد گار نہ پائو oمگر اس کا قائم رہنا تمہارے پروردگار کی رحمت ہے ۔ کچھ شک نہیں کہ تم پر اس کا بڑا فضل ہے۔
-oسورۃ القصص آیت نمبر :86اور تمہارا پروردگار جو چاہتا ہے پیدا کرتا ہے اور جسے چاہتا ہے برگزیدہ کر لیتا ہے ۔ ان کو اس کا اختیار نہیں ہے ۔ یہ جو شرک کرتے ہیں خدا اس سے پاک و بالا تر ہے۔
-oسورۃسجدہ آیت نمبر :13اور اگر ہم چاہتے تو ہر شخص کو ہدایت دے دیتے لیکن میری طرف سے یہ بات قرار پا چکی ہے کہ میں دوزخ کو جنوں اور انسانوں سب سے بھر دوں گا۔
-oسورۃ الاحزاب آیت نمبر :17اس کی شان یہ ہے کہ جب وہ کسی چیز کا ارادہ کرتا ہے تو اس سے فرما دیتا ہے کہ ہو جا تو وہ ہو جاتی ہے۔
-oسورۃ الشوریٰ آیت نمبر :13اور اللہ جس کو چاہتا ہے اپنی بارگاہ کا برگزیدہ کر لیتا ہے اور جو اس کی طرف رجوع کرے اسے اپنی طرف سے رستہ دکھا دیتا ہے۔
-oسورۃ الشوریٰ آیت نمبر :50,49تمام بادشاہت خدا ہی کی ہے آسمانوں کی بھی اور زمین کی بھی وہ جو چاہتا ہے پیدا کرتا ہے ۔ جسے چاہتا ہے بیٹیاں عطا کرتا ہے اور جسے چاہتا ہے بیٹے بخشتا ہے oیا ان کو بیٹے اور بیٹیاں دونوں عنایت فرماتا ہے اور جس کو چاہتا ہے بے اولاد رکھتا ہے وہ جاننے والا اور قدرت والا ہے۔
درج بالا قرآن پاک کی چند آیات کا ترجمہ قارئین کی نذر کر رہا ہوں ۔ کالم کی طوالت مزید اجازت نہیں دے رہی ۔ البتہ کچھ مزید آیات نمبر درج کر رہا ہوں جن سے استفادہ کیاجاسکتاہے۔ سورۃ البقرہ کی آیت نمبر20، 90، 105، 142، 220، 251، 253، 255، 261، 272 آل عمران کی آیت نمبر 13، 26، 37، 40، 45، 129، 179سورۃ النساء آیت نمبر47، 48، 133المائدہ آیت نمبر6،18،54،الانعام آیت نمبر 39، 41، 73، 111، 137،149،الاعراف آیت نمبر89،176،188، الانفال 76، التوبہ آیت نمبر 55،86، یونس 49،99،ہود 34، 104، 118، الرعد31،بنی اسرائیل 16، 54، الحج 14،16، 18، النو35،43،45، الفرقان 10،51، الشعرا 41، القصص5،56 ،العنکبوت 21، الروم 54، الاحزاب 33، سبا 9، فاطر1،8،16،22، شوریٰ 8،27،29، الزخرف 60، محمد4،30، الفتح 11،14، الحدید21، 29 الجمعہ4، المدثر 31،56، الدھر 28،30، 31 التکاثر 29، الاعلیٰ 4،7۔
(کالم نگار کے نام کیساتھ ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائےدیں00923004647998)

تازہ ترین