لاہور(نمائندہ جنگ)اسموگ کمیشن نے ماحولیاتی آلودگی کے کیس میں سپریم کورٹ میں اپنی رپورٹ جمع کرا دی،اسموگ کمیشن نے آلودگی کا باعث بننے والے صنعتی یونٹس کے خلاف کارروائی اور ائیر انڈکس تین سو ہونے پرشہر میں ایمرجنسی سائرن بجانے کی سفارش کردی، چیف جسٹس نےریمارکس دیئے کہ آئندہ سیزن میں اسموگ برداشت نہیں کریں گے۔سپریم کورٹ کی ہدایت پر ڈاکٹر پرویز حسن کی سربراہی میں قائم سموگ کمیشن نے 36 صفحات پر مشتمل رپورٹ سپریم کورٹ میں پیش کر دی،کمیشن نے اپنی سفارشات میں کہا ہے کہ اسموگ سے بچنے کے لئے اینٹوں کے بھٹوں اورآلودگی کا باعث بننے والے صنعتی یونٹس کے خلاف کارروائی کی جائے ،رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نئے درخت لگائے جائیں اور پرانے درختوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ائیر کوالٹی انڈیکس تین سو سے بڑھنے پر شہر بھر میں ایمرجنسی سائرن بجائے جائیں،محکمہ ماحولیات شہریوں میں ماسک تقسیم کرے اور انہیں اسموگ سے نمٹنے کے لئے آگہی فراہم کرے۔