دبئی (این این آئی) آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ ٗسابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف نے کہا ہے کہ عدالت نے میرے بارے میں مبہم فیصلہ دیا ہے جس پرپریشانی میں مبتلا ہوں ٗ پاکستان آنا چاہتا ہوں لیکن میرے پاس پاسپورٹ نہیں ہے۔ دبئی میں افطار ڈنر سے خطاب میں پرویز مشرف نے کہا کہ خود کو تنہا محسوس کر رہا تاہم پارٹی ورکر ز میرا حوصلہ بڑھاتے رہتے ہیں۔ مجھے تمام مقدمات میں ضمانت دی جائے اور 26جولائی سے قبل فیصلہ سنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عدالت نے میرے بارے میں کافی مبہم فیصلہ دیا ہے لیکن خواجہ آصف کے بارے میں کلیئر فیصلہ دیا گیا ہے ٗعدلیہ کے فیصلے نے مجھے پریشانی میں مبتلا کردیا ہے۔ پرویز مشرف نے کہاکہ پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کے بغیر کوئی کیسے سفر کرسکتا ہے؟ فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ میں جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ 6 دیگر سیاسی مقدمات ہیں ان کا کیا ہوگا؟ یقین دہانی کرائی جائے کہ ای سی ایل میں نام شامل نہیں کیاجائیگا۔