ملتان (سٹاف رپورٹر) ملتان پبلک سکول اینڈ کالج کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس کمشنر آفس کے کمیٹی روم میں ہوا جس کی صدارت کمشنر بلال احمد بٹ نے کی، اجلاس میں گزشتہ اجلاس کے منٹس سمیت ترقیاتی پراجیکٹس کی رفتار، ریٹائرڈ ملازمین کے بچوں کیلئے فیس معافی،95فیصد نمبرز لینے والے طلباکیلئے فری بورڈنگ، ریشنلائزیشن نمبر آف ٹیچنگ پوسٹس پر مشتمل ایجنڈا کی منظوری دی گئی، اجلاس میں بورڈآف گورنرز کے ممبران ڈپٹی کمشنر زاہد سہیل، ایڈیشنل کمشنر سرفرازاحمد، میاں مغیث اے شیخ، خواجہ محمد یوسف، میاں تنویر اے شیخ، میاں انیس احمد شیخ، پروفیسر فرخندہ ممتاز اورپرنسپل ملتان پبلک سکول ثمینہ خان نے شرکت کی، کمشنر نے کہا کہ ملتان پبلک سکول ایک اہم ادارہ ہے جس کی بہتری کے لئے منظم حکمت عملی کے تحت کام کیا جارہا ہے، پارس رائیڈنگ کلب، سوئمنگ پول کے قیام، ٹیچرز کی شفاف بھرتی، طلباء و طالبات کے لئے جدید تعلیمی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے، طلباء و طالبات کی تعداد میں اضافہ، گریڈ سسٹم میں امپرومنٹ، ریٹائرڈ ملازمین کے بچوں کے لئے فیس میں رعایت، 95فیصد سے زائد نمبرز لینے والے طلباء و طالبات کے لئے مراعات، ٹیچنگ پوسٹس میں اضافہ سمیت اہم اقدامات کئے گئے ہیں، کمشنر ملتان نے کہا کہ دیگر نامور تعلیمی اداروں کے ساتھ سٹاف روابط کے لئے فارمل فورم ہونا چاہئے تاکہ ہمارے تعلیمی اداروں میں یکساں سہولیات کو ممکن بنایا جاسکے، پی ایچ ڈی اساتذہ کے لئے خصوصی پیکیج متعارف کرایا گیا ہے ،اجلاس میں بورڈ آف گورنرز کے ممبران نے ٹاپ پوزیشن ہولڈرز طلباء و طالبات کے لئے 4گولڈ میڈلز اور لیپ ٹاپ دینے کا بھی اعلان کیا جو ایف ایس سی اور میٹرک کے طلباء و طالبات کے لئے مختص ہوں گے۔