راولپنڈی(نمائندہ جنگ)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشیدنے توقع ظاہر کی ہے کہ شکیل اعوان کی درخواست کے حوالے سے سپریم کورٹ کا فیصلہ میرے حق میں ہو گا،میں رونے والا نہیں ہوں، انشاء اللہ آج سپریم کورٹ سے سرخرو ہوکر نکلوں گا۔ منشیات فروشوں کو انجام تک نہ پہنچایا تو میرانام شیخ رشید نہیں، کمیٹی چوک میں ڈہوک کھبہ روڈ پر افطار جلسے سے خطاب کرتے ہوئےانہوں نے کہاکہ ڈالر 122روپے تک پہنچ گیا، ملکی معیشت تباہ ہوچکی ہے، چور ڈاکوئوں سے اللہ نے نجات دلائی ،چوروں کی گردن سے سریانکالنے کے لئے میں عمران خان کے ساتھ آرہا ہوں۔راولپنڈی کیلئے بیشک پانی وارسک اور تربیلا سے لانا پڑاتو لائوں گا۔ شیخ رشید احمد نے کہاکہ ڈہوک کھبہ کے تینوں یونین کونسل چیئرمینوںالیاس لالی (مرحوم)، ملک صابر(مرحوم)،سجادخان اورانکے خاندانوں سے میراکوئی اختلاف نہیں۔ انہوں نے کہاکہ ایفی ڈرین اورمنشیات فروشوں کی نسلوں کو سیاسی طور پر ختم کر دوں گا،میرا نام شیخ رشید نہیں جو منشیات فروشوں کو انجام تک نہ پہنچا دوں۔ شیخ رشید نے کہاکہ اللہ نے ختم نبوت میں کام مجھ سے لیا، یہ کہتے ہیں جو کیا شیخ رشید نے کیا میں کہتا ہوں اللہ اور اسکے رسولؐ نے کیا۔