• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

11ہزار میگاواٹ بجلی نہ بناتے تو آج بدترین لوڈ شیڈنگ ہوتی، مریم اورنگزیب

لاہور (نمائندہ جنگ)پاکستان مسلم لیگ (ن ) کی مرکزی ترجمان اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ گزشتہ پانچ برسوں میںوفاق اور پنجاب میں جو بجلی کے منصوبوں پر کام ہوا ہے اس کی مثال نہیں ملتی۔ اگر ہمارے دور میں 11ہزار میگاواٹ سے زائد بجلی نہ پیدا ہوتی تو آج عوام کو بد ترین لوڈ شیڈنگ کا سامنا ہوتا۔ سابق وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ نگران وزراء کی جانب سے توانائی سے متعلق کی جانے والی پریس کانفرنس اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے ملک سے لوڈ شیڈنگ کا مکمل خاتمہ کر دیا ہے،انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نیازی کو نگران وزراء کی پریس کانفریس بغور سننا چاہیے تاکہ ان کو معلوم ہو سکے کہ یہ تمام باتیں مسلم لیگ (ن) کے موقف کی تائید کرتی ہیں اور یہ وہی باتیں ہیں جو ہمارے وزراء کرتے رہے ہیں۔ دوسری جانب پارٹی ٹکٹ نہ ملنے پر پارٹی سے نالاں خواتین کے متعلق مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ہماری پارٹی تمام خواتین کی قربانیوں کی قدر کرتی ہے،مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت نے جمہوری طریقہ اپناتے ہوئے تمام خواتین کے انٹر ویوز خود کیے،انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی کی جن خواتین کو ٹکٹیں نہیں مل سکیں وہ دکھی نہ ہوں ہم سب کو ساتھ لے کر چلیں گے۔
تازہ ترین