لاہور (نمائندہ جنگ) چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے شوگر ملوں کے مالکان کو حکم دیا ہے کہ وہ جمعرات کی دوپہر تک گنے کے کاشتکاروں کو رقوم ادا کر دیں۔ گنے کے کاشتکاروں کو واجبات کی عدم ادائیگی سے متعلق کیس کی سماعت چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں 3 ؍ رکنی بنچ نے سماعت کی۔ عدالت نے سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کے قریبی عزیزوں الیاس معراج اور میاں جاوید شفیع کی طرف سے کاشتکاروں کو ادائیگی کرنے پر سراہا۔ چیف جسٹس نے میاں نواز شریف کے قریبی عزیز میاں الیاس معراج کی شوگر ملز کے باہر کاشتکاروں کو دھرنا فوری ختم کرنے کا حکم دیدیا اور مظاہرین کے نمائندوں سے کہا کہ حسیب وقاص شوگر ملز کے باہر ایک بھی بندہ نظر آیا تو سخت کارروائی کروں گا۔ چیف جسٹس نے دیگر مل مالکان کو جمعرات 2 بجے تک مکمل ادائیگیاں کرنے کا حکم دے دیا اور کہا کہ ادائیگیاں ادا نہ کی گئیں تو مل مالکان کو بھگتنا پڑے گا ۔