• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حیدر آباد، پیپلز پارٹی کے رہنما و امیدوار برائے قومی اسمبلی علی محمد سہتو کی جوتے کی خریداری کے دوران سیلز کے عملے سے بدتمیزی، تشدد

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) حسین آباد تھانے کی حدود آٹو بھان روڈ پر پیپلز پارٹی کے رہنما و امیدوار برائے قومی اسمبلی علی محمد سہتو کی جوتے کی خریداری کے دوران سیلز کے عملے سے بدتمیزی‘ تشدد‘ ہوائی فائرنگ‘ معاملے کی کوریج کے لئے آنے والی نجی ٹی وی کے رپورٹر و کیمرہ مین پر بھی تشدد‘ کیمرہ اور موبائل فون چھین لیا‘ ہنگامہ آرائی کے دوران متعدد شہری نقدی اور موبائل فون سے محروم ہوگئے‘ پولیس کا موجودگی کے باوجود کسی کارروائی سے گریز‘ جھگڑے کے بعد دکانداروں کو صلح کے لئے منانے کے لئے پولیس سرگرم ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق آٹو بھان روڈ پر پی پی رہنما و امیدوار برائے قومی اسمبلی علی محمد سہتو عید کے لئے جوتے کی خریداری کرنے ایک شوز اسٹور پہنچے تھے‘ عید کی خریداری کے باعث دکان میں رش کی وجہ سے جیالے رہنما کو جوتے دیکھانے میں تاخیر پر سیلز مین پر غصہ ہوگئے‘ اس دوران دوسرے سیلز مین مداخلت کے لئے آئے تو ایک کو تھپڑ مار دیا اور پستول نکال کر ہوائی فائرنگ کی اور مدد کے لئے ساتھیوں کو طلب کرلیا‘ اس پر دکانداروں نے بھی احتجاج کرتے ہوئے دکانیں بند کردیں۔ علی محمد سہتو کی فائرنگ سے بازار میں بھگدڑ مچ گئی اور خوف و ہراس پھیل گیا‘ اس دوران متعدد شہری قیمتی سامان‘ نقدی اور موبائل فونز سے محروم ہوگئے‘ بازار میں تعینات پولیس اہلکار ہنگامی آرائی کے باوجود خاموش تماشائی بنے کھڑے رہے‘ فائرنگ اور ہنگامہ آرائی کی اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری پہنچی بھی تو افسران علی محمد سہتو کی حمایت میں دکاندارو ں کو صلح کے لئے مجبور کرتے رہے اور کوئی کارروائی نہیں کی۔
تازہ ترین