نواب شاہ (محمد انور شیخ ، بیورو رپورٹ) سابق صدر پاکستان پیپلز پارٹی کے کو چیئر مین اور قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 213 سے امیدوار آصف علی زرداری پر پندرہ سو ایکٹر زمین کی لگان نہ دینے کے الزامات ریٹرنگ آفیسر کے پاس اعتراضات داخل کردیئے گئے ۔اعتراض داخل کرنے والے محمد سلیم بھنگوار نے اپنی درخوا ست میں کہا کہ آصف علی زرداری نے سال 2000ء میں سانگھڑ میں پندرہ سو ایکٹر زمین خریدی تھی جس کا لگان (ڈھل) تاحال ادا نہیں کیا گیا ہے اس طرح آصف علی زرد اری الیکشن میں حصہ لینے کے اہل نہیں ہیں لہٰذا ان کے کاغذات نامزدگی مسترد کئے جائیں۔دوسری جانب اعترا ض پر آصف علی زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے آصف علی زرداری کی جانب سے وکالت نامہ ریٹرننگ آفیسر محمد محبوب اعوان کو پیش کرتے ہوئے اعتراضات پر دلائل دینے کے لئے وقت طلب کیا ۔بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ آصف علی زرداری کی جانب سے میں پیش ہوا ریٹرننگ آفیسر نے بتایا کہ دو اعتراضات ہیں زرعی زمین کے ڈھل کے حوالے سے اور دوسری ایف بی آر اور اسٹیٹ بنک کی جانب سے آن لائن وضاحتیں آنی تھی کہ آصف علی زرداری کے ٹیکسز اور ان پر کوئی قرضہ جات تو نہیں جو تاحال نہیں پہنچی ہیں جس پر ہم نے ریٹرننگ آفیسر سے آئندہ سماعت کیلئے تاریخ مانگی جس پر انہوں نے 18جون کی تاریخ ہمیں دی ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگلی پیشی پر آصف علی زرداری آتے ہے یا نہیں اس کا فیصلہ و ہ خود کرینگے میں بحیثیت ان کے وکیل اگر مجھے اتھارٹی دی گئی تو میں ان کی جانب سے عدالت میں اعتراضات کے جواب داخل کردونگا۔بین الاقوامی قوتوں کی جانب سے الیکشن ملتوی کرانے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں فاروق ایچ نائیک ایڈوکیٹ نے کہا کہ اس طرح کی کوئی بات نہیں ہے ۔