• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر، عیدالفطر کے موقع پر نجی بینکوں کی اے ٹی ایمز غیرفعال، شہری شدید مشکلات سےدوچار

سکھر (بیورو رپورٹ) عیدالفطر کی آمد کے موقع پر نجی بینکوں کی اے ٹی ایمز غیر فعال ہونے سے شہری شدید مشکلات سے دوچار ہوگئے، خریداری کے لئے آنیوالے لوگ رقم نکالنے کے لئے ایک بینک سے دوسرے بینک چکر لگانے پر مجبور ہیں۔ ہر سال کی طرح اس سال بھی شہر کے مختلف علاقوں شالیمار روڈ، مشن روڈ، فریئر روڈ، صرافہ بازار، شہید گنج، اسٹیشن روڈ، مارچ بازار، ملٹری روڈ و دیگر علاقوں میں نجی بینکوں کی جانب سے نصب کی جانیوالی اے ٹی ایمز غیر فعال ہوگئیں، جس کی وجہ سے اے ٹی ایمز کارڈ کے ذریعے اپنے اکاؤنٹس سے رقم نکالنے والے شہریوں کو شدید مشکلات سے دوچار ہونا پڑرہا ہے، شہریوں کی بڑی تعداد عید الفطر کے موقع پر سامان کی خریداری کے بعد رقم کی ادائیگی کے لئے اے ٹی ایمز کا رخ کررہی ہے تاہم بیشتر اے ٹی ایمز غیر فعال ہیں، کہیں بھی رقم نہیں ہے تو کہیں پر عارضی طور پراے ٹی ایم بند ہے جیسی تحریریں شہریوں کیلئے تکلیف کا سبب بن رہی ہیں اور شہری کبھی اس بینک تو کبھی اس بینک کے چکر لگانے پر مجبور ہوگئے ہیں، متعدد شہریوں نے اے ٹی ایمز سے رقم نہ نکلنے کے باعث اپنے عزیز و اقارب و دوست و احباب کو فون کرکے مطلوبہ مقام پر رقم پہنچانے کی درخواست کی جس کے بعد انہوں نے خریدے گئے سامان کی رقم ادا کی اور گھروں کی راہ لی، اے ٹی ایمز غیر فعال ہونے سے سب سے زیادہ پریشانی بیرون شہر سے خریداری کے لئے آنیوالے افراد کو اٹھانا پڑ رہی ہے کیونکہ بیرون شہر کے خریدار رقم ساتھ لیکر آنے کے بجائے اے ٹی ایم کارڈ جیب میں رکھ کر تجارتی مراکز پہنچتے ہیں اور خریداری کے بعد اے ٹی ایمز سے رقم نکال کر ادا کردی جاتی ہے تاہم مشینیں غیر فعال ہونے سے بیرون شہر سے خریداری کے لئے آنیوالے افراد شدید مشکلات سے دوچار ہوگئے ہیں۔ پریشان حال شہریوں کا کہنا ہے کہ ہر سال عید کی آمد کے موقع پر نجی بینکوں کی انتظامیہ اسی طرح کرتی ہے، شہر کی بیشتر اے ٹی ایمز غیر فعال ہوکر رہ گئی ہیں، چند ایک کام کررہی ہیں جہاں پر شہری لمبی قطاروں میں کھڑے ہیں، نجی بینکوں کی انتظامیہ کا یہ رویہ قابل افسوس ہے، اس طرح سے وہ ہماری مشکلات میں اضافہ کا سبب بن رہی ہے، جس کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔ انہوں نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے بالا حکام سے اپیل کی کہ نجی بینکوں کی انتظامیہ کو اس بات کا پابند بنایا جائے کہ وہ اپنی اے ٹی ایمز کو فعال رکھیں تاکہ شہریوں کو مشکلات سے بچایا جاسکے اور احکامات پر عملدرآمد نہ کرنیوالی نجی بینکوں کی انتظامیہ کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

تازہ ترین