• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پانی کی قلت،کوئٹہ کے شہری اذیت ناک صورتحال سے دوچار ہیں،پشتونخوا میپ

کوئٹہ( پ ر) پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کے بیان میں شہر میں پانی کی شدید قلت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پورے ماہ رمضان میں کوئٹہ شہر کے شہریوں کو پانی کی قلت کا سخت سامنا کرنا پڑا ب عید الفطر کے موقع پر بھی اذیت ناک صورتحال کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پشتونخوامیپ نے اپنے دور حکومت میں کوئٹہ کے شہریوں کے پانی کی قلت کے خاتمے کے لئے شہر کے پہاڑی علاقوں کے قریب بڑے بڑے ڈیمز تعمیر کئے اور مانگی ڈیم کے منصوبے کا باقاعدہ افتتاح اور کام جاری کیا لیکن موجودہ وقت میں مانگی ڈیم پر کام نہ ہونے کے باعث یہ خدشہ ہے کہ اس اہم منصوبے کو التواء کا شکار بنایا جارہا ہے ۔ جبکہ دوسری جانب بارشوں کے نہ ہونے سے خشک سالی میں اضافہ ہوا ور زیر زمین پانی کی سطح کم ہوتی گئی ۔ ایک طرف واسا کی جانب سے ٹیوب ویلوں کی خرابی ، وولٹیج کی کمی کا رونارویا جارہا ہے تو دوسری جانب ٹینکرز مافیا کی جانب سے منہ مانگی قیمت پر پانی کی فراہمی کی جارہی ہے اندرون شہر فی ٹینکر کی قیمت 2500سے 5000تک مانگی جارہی ہے ۔کوئٹہ شہر کی30لاکھ سے زائد کی آبادی ہر طرف ٹینکرز مافیا کے رحم وکرم پرہے لیکن صوبائی نگران حکومت کے ترجمان اور متعلقہ محکمہ کے وزیر کی جانب سے ایسے حالات چپ ساد ھ لینا سمجھ سے بالاتر ہے ۔ لہٰذا صوبائی نگران حکومت اور انتظامیہ فی الفور شہریوں کو درپیش پانی کی قلت کے اذیت ناک صورتحال کا نوٹس لیکر محکمہ واسا اور ان کے سب دفتر کے حکام کو پابند بنائیں کہ وہ پانی کی بروقت اور درست پریشر کے ساتھ فراہمی کو یقینی بنائیں دیگر صورتحال میں عوام عید کے موقع پر بھی سخت احتجاج پر مجبور ہونگے جس کی تمام تر صورتحال انتظامیہ پر عائد ہوگی۔
تازہ ترین