اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان تحریکِ انصاف اور چوہدری نثار علی خان کے ترجمان نے ایک دوسرے کے ساتھ کسی بھی قسم کی سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی خبروں کی سختی سے تردید کر دی ہے۔ پی ٹی آئی کے مرکزی ترجمان فواد چوہدری نے کہا ہے کہ چوہدری نثار کیساتھ کسی قسم کی سیٹ ایڈجسٹمسٹ نہیں کی، اس حوالے سے ہر قسم کی اطلاعات غیر حقیقی، فرضی اور بے بنیاد ہیں۔فواد چوہدری نے واضح کیا کہ تحریکِ انصاف سینئر نائب صدر غلام سرور خان کو باضابطہ نامزد کر چکی ہے، چوہدری نثار ہماری جماعت کا حصہ ہیں نہ ہی ان سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہوئی۔ ہم ملک بھر میں اپنے ہی امیدوار کھڑے کرینگے، قیاس آرائیوں کی بجائے مصدقہ اور معتبر اطلاعات ہی نشر کی جانی چاہئیں۔ دوسری جانب چوہدری نثار علی خان کی جانب سے اس قسم کی خبروں کی سختی سے تردید جاری کی گئی ہے۔ سابق وزیرِ داخلہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں، چوہدری نثار کی کسی حلقے سے کوئی سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہیں ہو رہی اور نہ ہی اس سلسلے میں پی ٹی آئی سے کسی قسم کی بات چیت ہو رہی ہے، بہتر ہے ایسی خبروں کی تشہیر سے پہلے تصدیق کر لی جائے۔یاد رہے کہ اس سے پہلے اطلاعات تھیں کہ چوہدری نثار علی خان قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 63 اور این اے 59 کے علاوہ دو صوبائی حلقوں سے بھی پی ٹی آئی کا ساتھ دینگے اور یہ کہ نئی سیاسی حکمتِ عملی کے تحت انہوں نے پی ٹی آئی کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کیلئے مقامی بااثر سیاسی نمائندوں سے روابط تیز کر دیئے ہیں۔بتایا گیا تھا کہ تحریکِ انصاف این اے 59 چکری سے چوہدری نثار علی خان کا ساتھ دیگی جبکہ چوہدری نثار این اے 63 ٹیکسلا سے تحریکِ انصاف کے امیدوار غلام سرور خان کو جتوانے میں مدد کریں گے۔ اسی طرح دو صوبائی نشستوں پی پی 10 اور پی پی 12 پر بھی ایک دوسرے سے بھرپور تعاون کیا جائے گا۔