لاہور، اسلام آباد (جنرل رپورٹر، این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان 5 سال کی کارکردگی میں بھی فیل ور اخلاقیات میں بھی فیل ہو گئے۔ فواد چودھری کی پریس کانفرنس پرمسلم لیگ ن کی رہنما مریم اورنگزیب نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ جو عمران خان اورتحریک انصاف سے سوال کرے، اس کو گالی دی جاتی ہے لیکن اب الزامات لگانے اور گالی دینے سے بات نہیں بنے گی۔ انہوں نے استفسار کیا کہ عمران خان آج الیکشن کمیشن میں کیوں پیش نہیں ہوئے؟ قوم کو بتائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب رونے سے بات نہیں بنے گی، خیبر پختونخوا میں کام کیا ہوتا تو آج رونا نہ پڑتا، الیکشن 25 جولائی کو ہیں اور انہوں نے ابھی سے رونا شروع کر دیا ہے۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ اب اپنے بوئے ہوئے بیج کاٹنا پڑیں گے، عمران خان کاغذات نامزدگی پر اعتراضات کے جواب دیں، روئیں مت، اب ان کا حساب پاکستان کی عوام کے سپرد ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک ٹاک شو میں 4 سوالوں کا جواب نہ دینے والا عوام کو کیسے جواب دے گا؟ عمران 5 سالہ کارکردگی میں بھی اور اخلاقیات میں بھی فیل ہو گئے۔