• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر : عید کے روز لاپتہ ہونیوالا طالبعلم پولیس نے بازیاب کرالیا

سکھر (بیورو رپورٹ ) سکھر پولیس نے عیدالفطر کے روز لاپتہ ہونیوالے روہڑی کے رہائشی چھٹی جماعت کے طالبعلم کو بحفاظت بازیاب کراکر 2مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ بازیاب کرائے گئے بچے کو اس کے والدین کے حوالے کردیا گیا۔ ایس ایس پی سکھر امجد احمد شیخ کے مطابق روہڑی کے علاقے کاخن شاہ میں واقع گوشت مارکیٹ سے 10سالہ بچہ نجم الدین ولد ندیم جونیجو پراسرار طور پر لاپتہ ہوگیا تھا، بچے کے ورثاء کی جانب سے بچے کی بازیابی کے لئے پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ بھی کیا، جس کا میں نے سختی سے نوٹس لیکر بچے کی فوری بازیابی کے لئے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی اور انٹیلی جنس کی ٹیم کو بچے کو فوری طور پر بحفاظت بازیاب کرانے کا ہدف دیا۔ پولیس کی جانب سے بچے کی تلاش کے لئے انٹیلی جنس نیٹ ورک و دیگر وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے معلومات حاصل کیں اور خفیہ اطلاع ملنے پر سکھر کے نواحی علاقے صالح پٹ میں کارروائی کرکے بچے کو بحفاظت بازیاب کرالیا، پولیس کارروائی کے دوران 2مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے، جن سے تفتیش کی جارہی ہے۔ بازیاب کرائے گئے بچے کو ضروری کارروائی کے بعد اس کے ورثاء کے حوالے کردیا گیا ہے۔ ایس ایس پی سکھر کی جانب سے بچے کو بازیاب کرانیوالے پولیس پارٹی کے لئے انعام کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔ دوسری جانب تھانہ بی سیکشن کی پولیس نے ایکسائز آفس کے نزدیک سے چوری ہونیوالی کار برآمد کرکے اس کے اصل مالک حاکم علی کے حوالے کردی ہے۔
تازہ ترین