حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) پاکستان پیپلزپارٹی ضلع حیدرآباد کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس ضلعی صدر صغیر قریشی کی صدارت میں ضلعی دفتر واقع ڈسٹرکٹ کونسل بلڈنگ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبائی سیکریٹری اطلاعات و امیدوار حلقہ پی ایس 66 عاجز دھامرہ، ضلعی جنرل سیکریٹری و امیدوار این اے 226 علی محمد سہتو، رکن فیڈرل کونسل پرویز احمد انصاری، سیکریٹری اطلاعات احسان ابڑو‘، قومی اسمبلی حلقہ این اے 227 کے امیدوار ڈاکٹر عرفان گل مگسی، پی ایس 65 کے امیدوار سلیم آرائیں اور حیدرشاہانی نے شرکت کی۔ اجلاس میں 21 جون کو شہید بے نظیر بھٹو کی 64 ویں سالگرہ اور پاکستان پیپلزپارٹی کی ضلع حیدرآباد میں انتخابی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ شہید بے نظیر بھٹو کی سالگرہ 21 جون بروز جمعرات شام 5 بجے ڈسٹرکٹ کونسل لان میں نہایت جوش و خروش سے منائی جائے گی اور اسی دن سے پاکستان پیپلزپارٹی ضلع حیدرآباد کی انتخابی مہم کا باقاعدہ آغازکیاجائے گا۔ اجلاس میں انتخابات کے حوالے سے مختلف تجاویز پر بھی غور کیا گیااور سیکریٹری اطلاعات کی قیادت میں ضلعی الیکشن میڈیا سیل تشکیل اور پارٹی کے سینئر رہنماؤں پر مشتمل ایک الیکشن مانیٹرنگ کمیٹی بھی تشکیل دی گئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی سیکریٹری اطلاعات و امیدوار حلقہ پی ایس 66 عاجز دھامرہ نے کہا کہ ہم پارٹی قیادت کو مایوس نہیں کریں گے۔ ضلعی صدر صغیر احمد قریشی نے کہا کہ پارٹی کی تنظیم، سینئر پارٹی رہنماوں اور کارکنوں کی مدد اور تعاون سے پیپلزپارٹی کو حیدرآباد سے کامیاب کرنے میں اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔