کراچی (اسٹاف رپورٹر) قومی ہاکی ٹیم نے ہالینڈ میں 23جون سے کھیلی جانےوالے چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ کے لئے ہالینڈ میں تیاری کا پہلا مرحلہ مکمل کرکے پریکٹس شروع کردی ہے ۔ ٹیم مقامی کلبوں کے ساتھ بھی پریکٹس میچ کھیلے گے۔ کھلاڑیوں کو تربیتی کیمپ میں حریف ٹیموں کی وڈیو فوٹیج دکھاکر ان کی مہارت اور خامیوں کے بارے میں آ گہی دی جارہی ہے۔ ٹیم کا پہلا فوکس بھارت ہے جس کے ساتھ اسے اپنے افتتاحی میچ میں 23 جون کو مقابلہ کرنا ہے۔ ٹیم مینجمنٹ ہر حال میں یہ میچ اپنے نام کرنے یا کم از کم ڈرا کرنا چاہتی ہیں، کوچز کا خیال ہے کہ بھارت کے خلاف میچ میں کامیابی کی صورت میں گرین شرٹس کے حوصلے بلند ہوں گے ، ناکامی پلیئرز کے حوصلے پست کر دے گی ۔ کوچ محمد ثقلین کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کا فٹنس لیول خاصا بہتر ہے، امید ہے کہ چیمپئنز ٹرافی میں پرفارمنس بہتر ہوگی۔ ہیڈ کوچ رولینٹ اولٹیمنز بھی کھلاڑیوں کی خامیوں کا باریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں، پنالٹی شوٹ آئوٹ پر گول کرنے اور گول کیپرز کو پنالٹی کارنر روکنے کے حوالے سے سخت ٹریننگ دی جارہی ہے۔